لاہور:(بیوروچیف) لاہور میں سی سی ڈی نے دو مبینہ مقابلوں کے دوران باپ بیٹے سمیت 3ملزمان مار دئیے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ماڈل ٹاؤن کے زیرِ حراست 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو مبینہ مقابلے میں مارے گئے،ترجمان سی سی ڈی کے مطابق پولیس کے زیرِ حراست ملزمان فضل الرحمان اور امیر کو برآمدگی کے لیے کاہنہ لے کر جا رہی تھی کہ ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔جوابی فائرنگ کے دوران دونوں زیرِ حراست ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔
ملزمان بینک ڈکیتیوں اور ڈکیتی مزاحمت پر قتل جیسی 100وارداتوں میں مطلوب تھے، پولیس نے مفرور ملزموں کی تلاش شروع کر دی،سی سی ڈی ذرائع نے تصدیق کی کہ مرنے والے دونوں ملزمان باپ بیٹا ہیں جو اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔
دوسرا مقابلہ شاہدرہ کے علاقے میں ہوا جہاں سی سی ڈی اہلکار زیر حراست ملزم طاہر کو ریکوری کے لیے لے کر گئے اس دوران اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لیے حملہ کیا اور ان کی گولیوں کی زد میں آکر طاہر مارا گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔
پولیس نے مرنے والے ڈاکووں کی لاشیں ایدھی ایمبولینسز کےذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی۔



