
کراچی، لاہور (سلمان حسین) آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل پاکستان پہنچ کر حیدرآباد کنگز مین اسکواڈ کو جوائن کر چکے ہیں۔
ٹیم انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر ان کی ہوٹل میں موجودگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی آمد کی باضابطہ تصدیق کی۔
میکسویل ہفتے کے ڈبل ہیڈر میں اہم میچ سے قبل ٹیم کا حصہ بنے ہیں، جہاں کنگز مین کا مقابلہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوا۔
دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر گلین میکسویل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی دھواں دار بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے اب تک 129 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2897 رنز اور 49 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
فرنچائز کرکٹ میں وسیع تجربے کے حامل میکسویل اب پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
مارنس لبوشین کی قیادت میں کنگز مین کا ایونٹ میں آغاز اچھا نہیں رہا، تاہم میکسویل کی شمولیت سے ٹیم کی کارکردگی بہتر ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔



