راولپنڈی (ویب ڈیسک ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل کو جی ایچ کیو آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں سلامتی کے فروغ، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات بڑھانے کے پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی مہارت کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی افواج فوجی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ عزم رکھتی ہیں ۔مزید برآں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف سے ملاقاتیں کیں، جس میں دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی سطح پر تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا، بحرینی کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران علیحدہ علیحدہ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں۔
نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے خطے میں مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی بحری استحکام کا اہم ضامن قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان ایئر فورس کی جدیدکاری کی کوششوں، صلاحیتوں میں اضافے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ فریقین نے ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز، ڈیجیٹل جدت، فضائی دفاع کو درپیش نئے چیلنجز اور مربوط دفاعی نظاموں سمیت ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاک افواج کی جدیدکاری اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی اور تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دفاعی شراکت داری کا مظہر ہے، اس سی دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔



