’’بابر اعظم پر کالا جادو ‘‘ مذہبی سکالرکے بیان پر پر نئی بحث شروع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی حالیہ خراب فارم پر ایک مذہبی اسکالر کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں عالمِ دین نے دعویٰ کیا کہ جاری ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بابر اعظم کی ناقص کارکردگی کی وجہ ’’کالا جادو‘‘ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور بھارت میں جاری ایونٹ کے دوران بابر اعظم اپنی روایتی فارم بحال کرنے میں ناکام دکھائی دیے۔ پانچ اننگز میں وہ صرف 91 رنز بنا سکے ہیں اور ان کی اوسط 22.75 رہی ہے، سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف 24 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز پر بھی تنقید کی گئی جہاں ان کا اسٹرائیک ریٹ 104.17 رہا۔
ناقدین کے مطابق سست بیٹنگ کے باعث ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکی۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی بابر اعظم کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کےلئے بھیجا۔ انہوں نے کہاکہ پاور پلے میں بابر کا اسٹرائیک ریٹ، جو ورلڈ کپ مقابلوں میں 90 سے کم رہا ہے، ٹیم کی موجودہ حکمتِ عملی سے مطابقت نہیں رکھتا۔



