سماجی انصاف پر کوئی سمجھوتہ نہیں، عوامی ریلیف اور صحت سہولیات میں بڑا اقدام: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے میں سماجی انصاف یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقین کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ سماجی انصاف کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت سماجی انصاف پر پختہ یقین رکھتی ہے۔
سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دین اسلام سماجی انصاف، مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نی انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافا نی پیغام دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سماجی انصاف سے عاری معاشرے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ مہذب معاشرے کی بنیاد ہی سماجی انصاف اور مساوات ہے۔ امیر غریب کی بڑھتی معاشی خلیج سے سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔
مینارٹی کارڈ اور ہمت کارڈ سمیت دیگر پروگرام سماجی انصاف کے ہدف کی جانب واضح پیش رفت ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک جدید ترین دل کا ہسپتال ہے جو عالمی معیار کی طبی سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اس سے نہ صرف پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ دل کی بیماری کی تشخیص اور علاج کے جدید اختیارات بھی فراہم کرے گا جو فی الحال پاکستان میں کہیں اور دستیاب نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں الحمدللہ پنجاب کے 4.2 ملین مستحق خاندانوں کو راشن کے لئے فی خاندان 10 ہزار روپے دیئے گئے ہیں۔ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ رقم سے مستفید ہونے والوں میں 10 لاکھ مزدور بھی شامل ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ امداد سے استفادہ حاصل کرنیوالوں میں ستھرا پنجاب کے کارکن بھی شامل ہیں، یہ اقدام تقریباً 2.5 سے 3 کروڑ لوگوں کو مالی ریلیف فراہم کرے گا اور ان کے بوجھ بانٹے گا۔
مریم نواز نے مریدکے نارووال روڈ پر ٹرک اورکارکے تصادم میں تین بچوں سمیت چار افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے دوران ڈیوٹی فارسٹ رینجرز محمد اکرم کو شہید کرنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
انہوں نے فیصل آباد میں شہید ہونے والے فارسٹ رینجر محمد اکرم کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے والے محمد اکرم کی قربانی یاد رکھی جائیگی۔محمد اکرم نے ٹمبر مافیا سے جنگلات کو بچانے کے لئے جان دیدی۔ انہوں نے محمد اکرم کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔



