پاکستانتازہ ترین

ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

گلوبل فنڈ کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا جیسے مہلک امراض کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور حکومت صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈنگٹن، سینئر پورٹفولیو منیجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک شامل تھیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں صحت عامہ کے نظام کی بہتری کے لیے گلوبل فنڈ کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

صحت کے شعبے میں گلوبل فنڈ اہم شراکت دار

وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل فنڈ پاکستان میں صحت کے شعبے کی ترقی اور مختلف بیماریوں کے خاتمے کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ان بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے جبکہ گلوبل فنڈ کی معاونت سے ان اقدامات کو مزید تقویت حاصل ہو رہی ہے۔

ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایچ آئی وی کی روک تھام اور مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کے لیے حکومت پاکستان اور گلوبل فنڈ کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزارتِ قومی صحت کے حکام نے وفد کو پاکستان میں ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لیے جاری حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

گلوبل فنڈ نے پاکستانی اقدامات کو سراہ دیا

گلوبل فنڈ کے وفد نے پاکستان میں میزبانی اور تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور ان بیماریوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

وفد نے صحت کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، سید مصطفیٰ کمال، عطاء اللہ تارڑ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button