
لاہور(سلمان حسین)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے ایکس میسج میں پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مظاہرین کے احساسات کو سمجھا جائے۔
مظاہرین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے لیے افطارکا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر مسلمان اس وقت دکھی اور اشکبار ہے مگر اپنے ملک، اپنے شہروں میں امن و امان قائم رکھنا بھی ہم سب کا اولین فرض ہے۔
مریم نواز نے اپیل کی کہ امن و امان قائم رکھنے کے فرض کی پاسداری کیجئے، دکھ کی گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سول ڈیفنس ٹریننگ شہریوں کو رضاکارانہ طور پر قدرتی آفات کی صورت میں اپنی مدد آپ کے قابل بنانا ہے۔ شہری دفاع کا مقصد ناگہانی آفات کی صورت میں پیشگی اقدامات بھی ہے۔
سول ڈیفنس تنظیم عوام کی معاونت کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔ شہریوں کو زلزلے، سیلاب اور دیگر آفات سے بچانا اور محفوظ معاشرہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد ہے۔ شہری دفاع کے عالمی دن پر حادثات و آفات کے دوران خدمات سرانجام دینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سول ڈیفنس کا معاون کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ زمانہ امن یا جنگ شہری دفاع کی اہمیت مسلمہ ہے۔ مضبوط شہری دفاع سے قدرتی آفات اور ناگہانی حادثات کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے۔ مریم نواز عوام میں شہری دفاع کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ شہری دفاع کے ادارے کا احیا وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔



