لیڈی ولنگٹن،شاہدرہ،ملتان،نشتر،عزیزبھٹی سمیت 10ہسپتالوں کے ایم ایس کیلئے جعلی ڈگریاں جمع کرانے کاانکشاف
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کی ڈاکٹر شہروز خان،رضوان حبیب ، حسنین رضا ،ڈاکٹر لبنیٰ، ڈاکٹر سمیرا سے بھی وضاحت طلب ،بھرپور کارروائی کریں گے:محکمہ صحت
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)پنجاب کےسرکاری ہسپتالوں میں ایم ایس بننے کے لیے ڈاکٹرز کی جانب سے جعلی تجربہ اور ڈگریاں جمع کروائےجانےکاانکشاف ہوا ہے، محکمہ صحت پنجاب نے دس ڈاکٹرز سے وضاحت طلب کرلی۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے سرکاری اسپتالوں میں ایم ایس بننے کے لیے جعلی تجربہ اور ڈگریاں جمع کروانے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

اس سلسلے میں دس ڈاکٹروں سے وضاحت طلب کی گئی ہے جن میں عزیز بھٹی اسپتال گجرات کے ایم ایس ڈاکٹر ایاز ناصر ، نشتر اسپتال ملتان کے ڈاکٹر حسنین رضا اور ڈاکٹر لبنیٰ، شاہدرہ اسپتال لاہور کے ڈاکٹر رضوان حبیب شامل ہیں۔

ان کے علاوہ لیڈی ولنگڈن اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شہروز خان اور قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کی ڈاکٹر سمیرا سے بھی وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بننے کے لیے ان ڈاکٹروں کی جانب سے پبلک ہیلتھ ڈپلومہ تجربے میں دکھایا گیا۔
محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ جواب یا حقیقی تجربہ جمع نہ کروانے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔



