اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہم نے واضح موقف اختیار کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بنگلا دیش کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے دہشتگرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشتگردوں کا بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگرد حملے میں 17جوان اور 31شہری شہید ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو شکست سے دوچار کیا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہیں، ہمارے شہدا کی قربیانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے۔
مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔دریں اثنا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی تعاون کمیٹی(ECC)کے 3فروری 2026ء کے منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی اصولی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs)سے متعلقہ کابینہ کمیٹی کے 9جنوری 2026ء کے منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے CCLCکے 29جنوری2026ء کے منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی اصولی منظوری دی۔



