سنگاپور کے ایک بڑے بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے تین برسوں میں 4000 ملازمین کو مصنوعی ذہانت سے بدل دے گا۔
وہ ملازمین جو کئی سالوں سے مالیاتی تجزیہ، قرضوں کی منظوری، اور کسٹمر سروسز میں کام کر رہے تھے، اب ان کی جگہ مشینی الگورتھمز سنبھال رہے ہیں۔ اور جلد ہی انسانوں کی جگہ مصنوعی ذہانت یہ کام کررہی ہوگی۔
دوسری طرف برطانیہ میں 1000 سے زائد موسیقاروں نے ایک "خاموش البم” جاری کر کے احتجاج کیا ہے تاکہ حکومت کو یہ پیغام دے سکیں کہ مصنوعی ذہانت کو بغیر اجازت تخلیقی مواد استعمال کرنے کی اجازت دینا، فنکاروں کے مستقبل کے لیے تباہ کن ہوگا۔ یہ دونوں واقعات کسی معمولی پیش رفت کی نشانیاں نہیں، بلکہ ایک ایسے مستقبل کی جھلک پیش کرتے ہیں جہاں انسانی ذہانت اور محنت، مصنوعی ذہانت کے ہاتھوں کمزور پڑ سکتی ہے۔
کیا یہ ٹیکنالوجی معاشی ترقی کا نیا دور لے کر آئے گی یا یہ انسانی تخلیقی صلاحیتوں اور روزگار کے مواقع کے خاتمے کی شروعات ہے؟
یہی وہ سوال ہے جو آج دنیا بھر کے ماہرین، پالیسی سازوں، اور تخلیقی پیشوں سے وابستہ افراد کو پریشان کر رہا ہے۔
یہ حقیقت اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہی کہ مصنوعی ذہانت مالیاتی، تعلیمی، قانونی، اور تخلیقی صنعتوں میں تیزی سے جگہ بنا رہی ہے۔ بینکنگ سیکٹر میں اب الگورتھمز قرضے منظور کرتے ہیں، کسٹمر سروس مہیا کرتے ہیں، اور سرمایہ کاری کے رجحانات کی پیش گوئی کرتے ہیں۔ میڈیا اور صحافت میں مصنوعی ذہانت خبروں کے مسودے لکھ رہی ہے اور کانٹینٹ تیار کر رہی ہے۔ قانونی ماہرین مصنوعی ذہانت سے قانونی دستاویزات اور کیس اسٹڈیز کا تجزیہ کروا رہے ہیں۔ طبی شعبے میں مصنوعی ذہانت پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص میں مدد دے رہی ہے۔ مگر سب سے زیادہ متاثر ہونے والی صنعت تخلیقی صنعتوں کو قرار دیا جارہا ہے۔جہاں فنکار، مصنفین، اور موسیقار مصنوعی ذہانت کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ کیا وہ یہ جنگ جیت پائیں گے ؟
تخلیقی صنعتوں میں مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا استعمال کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ کیا مشینیں انسانی تخلیقیت یا کریٹیوٹی کی جگہ لے سکتی ہیں؟
اگر مشینیں ہی کہانیاں بننے لگیں نظمیں لکھنے لگیں موسیقی ترتیب دینے لگیں اور تصویریں بنانے لگیں تو انسان کہاں کھڑے ہوں گے؟ وہ کیا کریں گے ۔ان کے فن کا مقابلہ یا موازنہ کس سے ہوگا مشینوں سے؟
برطانوی حکومت نے حالیہ پالیسی میں مصنوعی ذہانت کمپنیوں کو کاپی رائٹ شدہ مواد سے ٹریننگ کی اجازت دینے کی تجویز دی ہے۔ اس پر 48,000 تخلیق کاروں نے احتجاج کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر مشینیں انسانی تخلیقات کو بغیر اجازت استعمال کریں گی تو یہ ان کے کام پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ یہ مسئلہ صرف فنکاروں تک محدود نہیں۔ دنیا بھر کے ناشرین، صحافی، اور فلم ساز بھی اسی پریشانی کا شکار ہیں کہ مصنوعی ذہانت ان کے مواد کو استعمال کر کے انہی کے خلاف مقابلہ کر رہی ہےمگر معاملہ یہاں تک محدود نہیں۔
مصنوعی ذہانت اب صرف ایک تکنیکی جدت نہیں رہی بلکہ یہ عالمی معیشت میں طاقت کی جنگ کا ایک اہم ہتھیار بن چکی ہے۔ امریکہ کی کمپنی OpenAI نے ChatGPT کے ذریعے مارکیٹ پر کچھ عرصہ غلبہ حاصل کیا تو یہ خیال کیا جانے لگا کہ امریکہ کا شاید مصنوعی ذہانت میں کوئی مقابلہ نہ کرسکے لیکن پھر چین کی کمپنی "DeepSeek” نے کم سرمائے اور وسائل میں رہ کر ChatGPT کو
چیلنج دے کر ثابت کر دیا کہ مصنوعی ذہانت کا میدان اب کسی ایک ملک کی اجارہ داری میں نہیں۔ یہ دوڑ صرف معاشی ترقی کی نہیں ل بلکہ عالمی غلبے اور طاقت کے توازن کو بدلنے کی جنگ بھی بن چکی ہے۔
اب یہ سوال کہ کیا مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے بہتر ہو سکتی ہے اب محض فلسفیانہ بحث نہیں رہا بلکہ ایک عملی حقیقت بنتا جا رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت حیران کن حد تک تخلیقی کام سر انجام دے رہی ہے ۔ یہ ناول، نظمیں، اور موسیقی تخلیق کر رہی ہے، جو بعض اوقات اصل فنکاروں کے کام سے مشابہت رکھتی ہے۔
یہ فیصلہ سازی اور تحقیق میں انسانوں کو پیچھے چھوڑ رہی ہے۔ لیکن اس ترقی کے ساتھ کچھ بنیادی خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ کیا مصنوعی ذہانت اخلاقی حدود کو سمجھ سکتی ہے؟ کیا مشینیں جذبات، ہمدردی، اور انسانی تجربات کو مکمل طور پر محسوس کر سکتی ہیں؟ اگر مصنوعی ذہانت فیصلہ سازی میں غلطی کرے، تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟
یہ حقیقت ہے کہ مصنوعی ذہانت کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور نہ ہی ہونا چاہیے۔ لیکن اس کی حدود طے کرنا ضروری ہے تاکہ انسانی محنت اور تخلیقیت کریٹیوٹی کو تحفظ مل سکے۔ حکومتوں کو تخلیق کاروں ، ادیبوں اور ماہرین کے ساتھ ملکر ایسے قوانین بنانے ہوں گے جو مصنوعی ذہانت کو بغیر اجازت انسانی تخلیقات کے استعمال سے روکیں۔
یہ بھی خیال سامنے آرہا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت کو کاپی رائٹ شدہ مواد استعمال کرنے دیا جاتا ہے، تو اس کے اصل تخلیق کاروں کو مالی معاوضہ دیا جائے۔ لیکن اگر ایسا کیا گیا تو پھر تو مصنوعی ذہانت انسانوں سے سیکھ کہ کہیں آگے بڑھ جائے گی جو پہلے ہی لامحدود ڈیٹا تک رسائی حاصل کرچکی ہے۔
المیہ یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے جسے واپس بھیجنا مشکل نہیں کچھ دانشوروں کا خیال ہے کہ انسانوں کے پاس بھی کچھ بہتر کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جیسا کہ تعلیمی نظام میں تنقیدی سوچ، ایموشنل انٹیلیجنس ، اور تخلیقی صلاحیتوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینا تاکہ انسان وہ مہارتیں حاصل کرلے جو مصنوعی ذہانت کے لیے ناقابلِ تقلید ہوں۔
مگر یہ ایک بہت بڑا چیلنج ثابت ہوگا کیونکہ اگر مقابلہ کیا گیا تو ہار انسانوں کی ہی ہوگی۔جوفری ہنٹن، جنہیں "مصنوعی ذہانت کا گاڈ فادر” کہا جاتا ہے نے گوگل سے استعفیٰ دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ مصنوعی ذہانت کا بے قابو پھیلاؤ انسانیت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر مصنوعی ذہانت کے خطرات پر بروقت قابو نہ پایا گیا، تو یہ نہ صرف نوکریوں کا خاتمہ کرے گی بلکہ معلومات، سیاست، اور انسانی رویوں کو بھی متاثر کرے گی۔
ایک اور نقطہ نظر یہ بھی ہے کہ مصنوعی ذہانت کو بجائے دشمن سمجھنے اور مقابلہ کرنے کے اسے بطور مددگار استعمال کیا جائے نہ کہ انسانی تخلیقیت یا کریٹیوٹی کا متبادل وقت بدلنے کے ساتھ بل کلنٹن کے تاریخی جملے ۔“It’s the economy, stupid,”کی جگہ اب “It’s the AI, stupid,”نے لے لی ہے۔
یہ ایک ایسا موڑ ہے جہاں ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم مصنوعی ذہانت کو کس حد تک اپنی زندگیوں میں جگہ دینا چاہتے ہیں۔ یہ فیصلہ صرف حکومتوں اور ماہرین کا نہیں، بلکہ ہم سب کا ہے۔ کیا ہم اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے یا اسے بے لگام چھوڑ کر اپنے مستقبل کو خطرے میں ڈالیں گے؟فیصلہ تو ہم سب نے کرنا ہے مگر کیا ہم اس کے لیے تیار بھی ہیں؟



