انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینکاروبار

جائیکا سربراہ کاشلوار،قمیض پہن کر پاکستانی عوام سےمحبت کااظہار،فیروزشاہ،ندیم عالم سے اہم ملاقات

جاپان پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائے:فیروزشاہ،ندیم شاہ

لاہور(محمدقیصر چوہان)پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈاور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز شاہ اور جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان کے سربراہ میاتا نے ملاقات کی ۔

میاتا نے پاکستانی قومی لباس قمیض شلوار اورویسکوٹ پہن کر پاکستانی عوام سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں سید فیروز شاہ نے جائیکا سربراہ کو پاکستان جاپان بزنس فورم کی خدمات سے بھی آگاہ کیا اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا ) کے تعاون کو بھی اُجاگر کیا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں بہتری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو کی۔علاوہ ازیں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے جائیکا کے پاکستان میں جاری پراجیکٹس ، مستقبل میں شروع ہونے والے پراجیکٹ ، تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ثقافت ، عوامی روابط اور توانائی کے شعبوں میں وسعت دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیرسرمایہ کاری بورڈ سیدفیروز شاہ نے گورنمنٹ آف جاپان کی جانب سے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے زیر اہتمام پاکستان کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں بھرپور معاونت فراہم کر نے کےساتھ ساتھ معاشی استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کو گرانقدر مالی معاونت فراہم کرنے پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔

جائیکاپاکستان کے سربراہ میاتاکا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا ئی خطے کا ایک اہم ترین ملک ہے جس کے ساتھ جاپان کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اپنے اقدامات کے ذریعے جاپان اور پاکستان کے مابین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے،جاپان اور پاکستان کو زیادہ موثرپبلک پرائیوٹ شراکت داری کے ذریعے مستقبل کے بڑے منصوبوں کیلئے مہارت اور ٹیکنالوجی کو اکٹھا کرنا چاہیے۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر ہے جو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے، جاپان اورپاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں باہمی فائدے کیلئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

سیدفیروز شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور جاپانی کاروباری اداروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے جبکہ پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے اور وہ تربیت یافتہ و پیشہ ورانہ افرادی قوت کے ذریعے جاپان کو انسانی وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
فوٹو کیپشن:
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ جائیکا پاکستان کے سربراہ میاتا سے ملاقات کر رہے ہیں

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button