کراچی ( ویب ڈیسک) کراچی میں جئے سندھ قومی محاذ کے تحت دریائے سندھ سے کینال نکالنے اور زمینوں پر قبضوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب پہنچے تو پولیس نے شرکا کو ریڈ زون جانے سے منع کیا اور پریس کلب جانے کیلئے متبادل راستہ اختیار کرنے کا کہا جس پر بعض مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔
ریڈ زون جانے والی سڑک بند، ہنگامہ آرائی کے بعد صورتحال کو کنٹرول کر لیا گیا
مظاہرین کے تشدد سے ایس ایچ او صدر تھانہ اور ایس ایس پی جنوبی کا گن مین زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے صورتحال پر قابو پایا جس کے بعد ریلی کے شرکا پریس کلب پہنچے جہاں خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ سندھو دریا کا پانی چرایا جارہا ہے جس سے سندھ بنجر ہو جائے گا، زراعت تباہ ہو جائے گی اور کراچی کو بھی پانی نہیں مل سکے گا۔



