پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

ٹریفک حادثات، چیئرمین این ایچ اے ، آئی جی موٹرویز کیخلاف مقدمات کا حکم

این ایچ اے سب سے ناکارہ ادارہ، موٹر وے پولیس کو کہہ دیتے جہاں سڑک خراب ہو ٹریفک روک دیں:عدالت

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے این ایچ اے حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے حادثے کے مقدمات چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کے خلاف درج کرنے کا حکم دے دیا ۔سندھ ہائی کورٹ میں ہائی ویز کی خراب صورتحال اور ٹریفک حادثات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔این ایچ اے اور موٹروے پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت نے این ایچ اے حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سوال کیا کہ این ایچ اے ہائی ویز کی بہتری کے لئے کیا کام کررہی ہے؟ممبر جنوبی این ایچ اے عبدالطیف مہیسر نے بتایا کہ گیارہ منصوبے اور سکیمز موجود ہیں، این ایچ اے سندھ کے تحت بحالی منصوبے بھی جاری ہیں۔

جسٹس نثار بھنبرو نے استفسار کیا کہ آپ کو علم ہے حادثات میں کتنے لوگ جاں بحق ہوئے ہیں؟موٹروی اور ہائی ویز پر ایمرجنسی سہولیات موجود ہیں؟ ممبر جنوبی این ایچ اے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایم نائن موٹروے پر نوری آباد کے مقام پر ٹراما اور ریسکیو سینٹر موجود ہے۔

جسٹس نثار بھنبھرو نے ریمارکس دیئے کہ این ایچ اے سب سے ناکارہ ادارہ ہے،ناکارہ لوگوں کو دفتروں میں رکھا ہوا ہے۔وکیل این ایچ اے نے بتایا کہ حادثات صرف ہائی ویز پر نہیں دیگر اہم سڑکوں پر بھی ہوتے ہیں، لائسنس اور فٹنس کے لئے صوبہ ذمہ دار ہے۔ایکسل لوڈ سے متعلق سندھ حکومت کو متعدد بار کہاہے۔

سندھ حکومت سے کہا ہے کہ ایسی گاڑیوں کو موٹرویز پر آنے سے روکیں۔جسٹس نثار بھنبھرو نے کہا پیسے بھی تو آپ لے رہے ہیں، این ایچ اے سیفٹی آرڈننس پڑھے،صوبائی پولیس کی ذمہ داری ہے یا موٹروے پولیس کی،ہم موٹر وے پولیس کو کہہ دیتے ہیں جہاں سڑک خراب ہو وہاں ٹریفک روک دیں۔ہائی ویز پر ٹریفک بند ہوا تو نقصان این ایچ اے کو بھرنا ہوگا۔

ہم ہائی ویز سندھ حکومت کے حوالے کرتے ہیں، ہم ان سے کام کروالیں گے۔وکیل این ایچ اے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایم نائن کے لئے دی گئی زمین کی منتقلی سندھ حکومت نے ختم کردی ہے۔جسٹس سلیم جیسر نے کہا وفاق نے ادائیگی نہیں کی تو منتقلی منسوخ کی،سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیوں کیا جاتا ہے؟ کراچی میں پل گرا تھا اسکا مقدمہ چیئرمین کے خلاف درج ہونے کے بعد کوئی پل نہیں گرا۔جسٹس نثار بھنبرو نے کہا کہ سکھر سے اسلام آباد سفر کیا ہے؟ کیا اتنی دیر میں ہالہ سے سکھر پہنچ سکتے ہیں۔

ممبر جنوبی این ایچ اے نے بتایا کہ انڈس ہائی وے مارچ میں مکمل بحال کردیا جائےگا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مارچ تک حادثات کا ذمہ دار کون ہوگا؟ ہم اس معاملے پر تفصیلی حکم نامہ جاری کریں گے۔عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 10 اپریل تک ملتوی کردی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button