پاکستانتازہ ترینفن اور فنکار

بشریٰ انصاری نے جہیز لینے والوں کو ’’بےغیرت‘‘ قراردیدیا، اپنے دامادوں پربھی کڑی تنقید

کراچی:(ویب ڈیسک)سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے شادی کے وقت ’جہیز‘ لینے والے افراد کو ’بے غیرت‘ قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھی بیٹیوں کی خاطر دامادوں کو گھر تک دیا تھا لیکن انہیں عزت راس نہ آئی۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں یوٹیوب پر ’جہیز‘ اور شادی کی رسومات اور مسائل سے متعلق ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ جہیز لینے کے باوجود بیویوں کا خیال نہ رکھنے والے افراد پر برس پڑیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ دنیا بھر کے والدین بیٹیوں کو بڑا کرکے، انہیں پڑھا لکھا کر ان کی شادیاں اس امید پر کرواتے ہیں کہ اب وہ خوش رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین اپنی خوشیاں مار کر بھی بیٹیوں کو شادی کے وقت ہر چیز دیتے ہیں اور انہوں نے بھی دیگر والدین کی طرح ہی کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے شادی کے نام پر ’جہیز‘ لینے والے افراد کے لیے سخت لفظ استعمال کرتے ہوئے انہیں ’بے غیرت‘ بھی کہا۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹی کو اپارٹمنٹ تک دلایا تھا اور وہ بیٹیوں کے شوہروں کو بیٹوں کی طرح سمجھ کر محبت میں انہیں چیزیں دیتی گئیں لیکن وہ بڑے ڈھیٹ نکلے۔

اداکارہ نے کہا کہ سعودی عرب جیسے ملک میں قانون ہے کہ جو بندہ شادی کرے گا، وہ ایک گھر اپنی اہلیہ کے نام کرے گا، یعنی وہ اہلیہ کو سکیورٹی دے گا لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہیں۔

ان کے مطابق پاکستان کے کچھ دیہات میں بھی ایسا ہوتا ہے کہ شادی سے پہلے لڑکے کو گھر بنانا پڑتا ہے اور گھر کو بیوی کے نام کرنا پڑتا ہے لیکن ہر جگہ ایسا نہیں ہوتا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں دامادوں کے لیے ’بے غیرت‘ کا لفظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے تبصرے کیے کہ ان کی بیٹیوں کی بھی طلاق ہوگئی ہے، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button