لاہور:( بیوروچیف/سید ظہیر نقوی )لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شاہد کریم نےپنجاب بھر کے سروس سٹیشنز میں واٹر ری سائیکلنگ پلانٹ لگانے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وں کو فوری عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرا نیکی ہدایت کردی۔
سموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے پرعدالت نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے محکمہ زراعت سے پالیسی رپورٹ30 مئی کو طلب کرلی،عدالت نے نئے مالی سال میں واٹر میٹرز کی تنصیب ہر صورت یقینی بنا نے کی ہدایت کردی،ممبر ماحولیاتی کمیشن نے فصلوں کی باقیات کو لگنے والی آگ کے متعلق رپورٹ پیش کی ۔
عدالت نے ریمارکس دئیے فصلوں کی باقیات کو لگنے والی آگ کو ہر کوئی رپورٹ کررہا ہے لیکن سیکرٹری زراعت کچھ نہیں کررہا ، لگتا ہے محکمہ زراعت مکمل طور پر سو رہا ہے، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے ٹیوب ویل سیل اور بجلی کنکشن کاٹے جاسکتے ہیں ، محکمہ زراعت اور ماحولیات اس کے متعلق آئندہ ہفتے جامع رپورٹ پیش کریں ، ہر سماعت پر واٹر میٹر لگانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے ، واسا اچھا کام کررہا ہے، واسا کے وکیل کے پاس واٹر میٹرز کے حوالے سے مکمل تفصیل نہیں ، مکمل تفصیل لے کر آئیں ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز نے قصورٹنریز کے ویسٹ واٹرز ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بتایا،عدالت نے کہا کمشنر صاحب نے جو بھی کرنا ہے کریں مگر ٹریٹمنٹ پلانٹ چلائیں، فنڈز نہیں ہیں تو عدالت کو بتائیں ، ایک سال کے اندر اسے ہر صورت چلانا ہے، آلودگی کا باعث بننے والی ٹینریز کو بند کرنا پڑے تو کردیں ، قصور میں ٹینریز کا مستقل حل نکالنا ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر کمشنر لاہور سے ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔



