پاکستانتازہ ترینصحت

سرکاری ہسپتالوں میں تمام سہولتیں فری، مانیٹرنگ کیلئے ویجی لینس سکواڈ قائم

وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس، محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیرا ہتمام خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ بنانے کی منظوری،پسماندہ علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے ترجیح ہے:مریم نواز

لاہور: (سلمان حسین) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اور چیکنگ رپورٹ پر 24گھنٹے میں ایکشن کی ہدایت کر دی ہے۔ تین سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جلد کام شروع کردیں گے۔

سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ میں ڈاکٹر،فارماسسٹ،بائیو میڈیکل انجینئر، بجٹ اکاؤنٹ آفیسر، ڈیٹا ایکسپرٹ اور دیگر شامل ہوں گے۔سی ایم ویجی لینس سکواڈ،ہسپتالوں میں میڈیسن،ڈیوٹی روسٹر، کلینکل سروسز، بائیومیڈیکل آلات اور دیگر امور چیک کرے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرویلنس ٹیم کے لئے جامع چیک لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی اور محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیرا ہتمام خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں ضلع، تحصیل ہسپتالوں اور مراکز صحت کے لئے الگ الگ یونٹ قائم ہونگے۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں سرویلنس روم24/7 کام کرے گا۔

اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی (Gastrointestinology) سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سروسز ہسپتال میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی سنٹر بنایا جائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ فیصل مسعودٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں خصوصی ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔ گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ قائم ہوگا۔ ملتان کے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں 4 آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات کے ساتھ فنکشنل کیا جائے گا۔ بی ایس این ڈگری حاصل کرنے والے نرسز کو سرکاری ہسپتالوں میں بامعاوضہ انٹرن شپ ملے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں فری میڈیسن اناؤنسمنٹ مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی اور فری میڈیسن اناؤنسمنٹ نہ کرنے پر کارروائی کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب کے 8ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کیتھ لیب میں پروسیجر شروع کرنے کے لئے دسمبر کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہیلتھ کو خودتمام سی ای او اور ایم ایس کے دوبارہ انٹرویو کرکے تعیناتی کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں 23فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں 70 فیصد مریض علاج کے لئے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ ترعام آدمی علاج کے لئے آتاہے۔

عام آدمی کے لئے سرکاری ہسپتال میں ادویات اور تمام سہولتیں فری ہونی چاہیے۔فنڈز ملنے کے باوجود کچھ ہسپتالوں میں مریضوں سے ادویات اور دیگر سامان باہر سے منگوانا تکلیف دہ امر ہے۔سرکاری ہسپتال کی فارمیسی میں ادویات کی موجودگی کے باوجود مریض کومیڈیسن دستیاب نہ ہوں، یہ افسوسناک بات ہے۔

خصوصی اجلاس میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں سرگودھا میں نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیرا جیسے ادارے کے قیام سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ پنجاب کے ہر فرد کی فلاح میری ترجیح ہے یہی سوچ ہر فیصلے کی بنیاد ہے۔عوام کی بنیادی سہولیات تک رسائی میرا نصب العین ہے۔ پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کا ہر پسماندہ علاقہ بھی ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی راہ میں انقلابی اقدام کررہی ہے۔ پنجاب میں فری لانسرز کے لئے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیا ہے۔ سرکاری سکولوں میں ایڈ ٹیک، میٹرک پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوچکا ہے۔ زراعت، ماحولیات سمیت ہر سرکاری محکمے میں انٹرن شپ کا آغاز کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کی سکلز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے آج کی دنیا تعلیم کے ساتھ ہنر کی بھی طالب ہے۔

ڈگری نہیں بلکہ ہنر ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ مہارت صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ خود اعتمادی اور قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی نوجوانوں کی سکلز کو پلیٹ فارم اور تقویت دے گا۔ TEVTA پنجاب کے نوجوانوں کو جدید دور کی ضرورتوں کے مطابق تربیت دے رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میرا عزم ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں کوئی نہ کوئی ہنر ضرور ہو۔ مہارت روزگار کا راستہ ہی نہیں بلکہ عزت اور ترقی کی ضمانت ہے۔ میرا خواب ہے کہ پنجاب کا نوجوان نوکری کا طلب گار نہیں بلکہ روزگار دینے کے قابل ہو۔ مشن ہے کہ ہمارے نوجوان فری لانسنگ سے لے کر انٹرپرینیور شپ تک ہر میدان میں کامیاب ہوں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button