لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی میڈیا رپورٹس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے چیمئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔محسن نقوی نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کا دورہ اور اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہم سے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کی تحریری اطلاع نہیں دی، اگر بی سی سی آئی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے۔واضح رہے کہ محسن نقوی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کچھ دیر قبل بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور اپنے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتی ہے۔



