اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے شاہ عبداللہ دوم کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان شریک تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوم نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔ صدر نے اردن کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر زرداری اور اردن کے فرماں روا نے مشرقِ وسطی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوم نے دو ریاستی حل کے تحت آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق دار، وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر مصدق ملک، سیکرٹری وزارتِ خارجہ اور پاکستان اور اردن کے سفیران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے بعد تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو نشانِ پاکستان عطا کیا۔ جبکہ شاہِ اردن نے صدر آصف علی زرداری کو وسام النہضہ المرصع( آرڈر آف دی رینیسانس) سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام بشمول وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اور سفرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مزید برآں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کا گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سولیوشنز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، شہزادی سلمیٰ اور اردن کے سول و عسکری وفد کے ارکان بھی ہمراہ تھے، فیلڈ مارشل چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر نے شاہ عبداللہ دوم کا استقبال کیا جبکہ شاہِ عبداللہ کو ادارے کی صلاحیتوں اور مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ کو پاکستان کی دفاعی پیداوار اور ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے تناظر میں دستیاب باہمی دفاعی تعاون کے نئے مواقع پر آگاہی فراہم کی گئی، بعد ازاں شاہ عبداللہ نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا۔
جہاں وزیر اعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے، آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت بھی اس موقع پر موجود تھے، شاہ عبداللہ دوم نے مشترکہ فائر پاور اور فوجی مشق دیکھی، مشق میں زمینی، فضائی اور ملٹی ڈومین آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا، مشق کے دوران ڈرونز، سپیکٹرم وارفیئر اور مربوط فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور صلاحیتوں کی تعریف کی، اس موقع پر وزیراعظم نے شاہِ اردن کے لیے پاکستانی عوام کی محبت کا اظہار کیا، اور توقع ظاہر کی کہ یہ دورہ پاک، اردن دوستی اور باہمی اعتماد کا عکاس ہوگا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان، اردن مضبوط دفاعی شراکت دار ہیں۔
انہوں نے فوجی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ شاہِ اردن کی جانب سے آرمی چیف کو ’’ آرڈر آف ملٹری میرٹ فرسٹ ڈگری‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا، یہ دورہ پاک، اردن برادرانہ تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔



