پنجاب حکومت،علما میں مذاکرات کامیاب،مدارس کی رجسٹریشن شروع
لاہور:(ویب ڈیسک)پنجاب حکومت اور علمائے کرام ، مذہبی تنظیموں کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق چار ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔
مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر وزارت داخلہ پنجاب نے علمائے کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس سے مسلسل چار ماہ تک مذاکرات کئے۔
پنجاب حکومت، علماء کرام اور اتحاد تنظیمات المدارس کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق ہوگیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق علماء کرام، اتحاد تنظیمات مدارس کے تحفظات دور ہو گئے اور سب رجسٹریشن پر متفق ہیں، 3 فروری سے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل باقاعدہ شروع ہوجائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ علما کرام اور تنظیمات کی تمام سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن فارم ترتیب دیدیا، آن لائن فارم علماء کرام، اتحاد تنظیمات مدارس، محکمہ تعلیم، انڈسٹریز، چیریٹی کمیشن سمیت متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔



