لاہور:پنجاب حکومت صوبے بھر میں گردوں کے عارضہ میں مبتلا ڈائیلاسز کے مریضوں کو بڑی مالی مدد فراہم کرنے کیلئے 8 ارب روپے سے اب تک کا سب سے بڑا ڈائیلاسز پروگرام شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے "چیف منسٹرز ڈائیلاسز پروگرام” کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد گردے کی دائمی بیماری (CKD) کے بڑھتے ہوئے واقعات سے نمٹنا ہے، ملک بھر میں 2کروڑ 20لاکھ سے زائد افراد گردے کی بیماری سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ پنجاب میں ہر سال 30,000 سے زائد افراد گردوں کے ڈائیلاسز کے عمل سے گزرتے ہیں، اس بیماری کے شکار مجبور اور مالی مشکلات سے دوچار ہر مریض کو ’’چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام ‘‘ کے تحت سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جس میں ڈائیلاسز، مشاورت، ادویات اور متعلقہ طبی خدمات کی پوری لاگت کا احاطہ کیا جائے گا۔ ’’چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام ‘‘ پنجاب کے ایسے تمام مستقل رہائشیوں کے لیے دستیاب ہوگا جو نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) کے ریکارڈ کے ذریعے تصدیق شدہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں لاکھوں لوگ سماجی واقتصادی حیثیت سے قطع نظر اپنی ضرورت کے علاج تک مفت رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ’’وزیر اعلی ڈائیلاسز پروگرام‘‘ سخت اور اعلی معیار پر پورا اترنے والے سرکاری اور نجی اسپتالوں کے نیٹ ورک کے ساتھ شراکت داری کرکے نہ صرف علاج تک رسائی کو بہتر بنائے گا بلکہ دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کی ضمانت بھی دیگا۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب عظمت محمود نے بتایا کہ یہ پروگرام پنجاب بھر میں شروع کیا جارہا ہے اور یہ گردے کی بیماری کے تباہ کن اثرات سے نبرد آزما ہونے والوں کے لیے امید کی کرن ہے۔



