
لاہور:( محمد قیصر چوہان )پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،اس سانحے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے جبکہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے،ہم انتقام نہیں، انصاف چاہتے ہیںہم اجتماعی سزا نہیں، انفرادی جواب دہی چاہتے ہیں۔
جس شخص کے خلاف جرم ثابت ہو، اس کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے، سانحہ جڑانوالہ کی شفاف تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزا پاکستان میں قانون کی حکمرانی، آئینی مساوات اور ہر شہری کے تحفظ کے حوالے سے حکومت اورعدالت کا امتحان ہے ۔
گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹر چارلس سہوترا نے بتایا کہ سولہ اگست 2023 کو جڑانوالہ میں مسیحی آبادیوں، گھروں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، متعدد گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی اس واقعے نے نہ صرف مسیحی برادری کو شدید صدمے سے دوچار کیا بلکہ پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور ریاستی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھائے۔
تین سال گزرنے کے باوجود مسیحی برادری آج بھی انصاف کی منتظر ہے،جڑانوالہ کو ایک بھولا ہوا واقعہ نہیں بننے دیا جا سکتا، مسیحی برادری آج بھی انصاف کی منتظر ہے جن افراد کے خلاف شواہد موجود ہیں اور جو گرجا گھروں، مسیحی برادری کے گھروںاور مقدس مذہبی علامات پر حملوں میں ملوث ثابت ہوں، انہیں قانون کے مطابق عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے، کسی بے گناہ کو سزا نہیں ملنی چاہیے، لیکن کسی ثابت شدہ مجرم کو بھی صرف کمزور تفتیش یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر تحفظ نہیں ملنا چاہیے۔
ہر پاکستانی شہری کو آئین کے تحت اپنے مذہب کے مطابق آزادانہ اور محفوظ طریقے سے عبادت کرنے کا حق حاصل ہے، گرجا گھر، مساجد، مندر، گردوارے اور تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے ،جب شہری عبادت کیلئے اپنی عبادت گاہ میں جائیں تو انہیں یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی ہجوم ان کے مقدس مقام کو آگ لگا سکتا ہے۔
پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ کمزور تفتیش، ناقص استغاثہ یا غیر ضروری تاخیر انصاف کا متبادل نہیں بن سکتی، سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات پیشہ ورانہ، شفاف، شواہد کی بنیاد پر اور ہر قسم کے دبائو سے آزاد ہونی چاہئیں جبکہ عدالتوں کو ہر ملزم کے خلاف شواہد کا آزادانہ جائزہ لیکر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے۔
پاکستان مائنارٹیز موومنٹ سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین اور زندہ بچ جانے والے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کیلئے امن، مساوات، عزت، آئینی حقوق اور انصاف کے حصولکیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



