لاہور (سلمان حسین ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ کے احکامات کے بعد اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا۔ گرین الیکٹرو بس میں بھی سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لٹر ڈیزل پر 100روپے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں دنیا عالمی معاشی بحران کا شکار ہے، حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔ ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے بنوں میں خودکش حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
مریم نواز نے شہدا کے سوگواران سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔ مریم نواز نے بنوں میں تھانے پر خودکش حملہ ناکام بنانے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ مزید برآں مریم نواز نے فیصل آباد میں لفٹ گرنے سے تین مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔



