
راولپنڈی، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ آپریشن کرتے ہوئے 18افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے ہنگامی سگنل موصول ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہنگامی سگنل کے بعد 18افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے کا مظاہرہ کیا اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن انجام دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جہاز پر موجود ماہر ٹیم نے طبی امداد فراہم کی، آگ بجھانے میں مدد دی۔
پاک بحریہ نے نقصان کا جائزہ لیا، عملے کو بحفاظت نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی، اپنے اپنے ممالک واپسی کیلئے بحفاظت کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موثر مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ا ور پرعزم ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی بحیرہ عرب میں ہنگامی انسانی امدادی کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہا۔ انہوںنے کہا کہ مرچنٹ ویسل ’’ گولڈ آٹم‘‘ سے موصول ہونے والی ہنگامی اطلاع پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے فوری اور موثر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن میں مختلف ممالک بشمول چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ تمام افراد کو کراچی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی ذمہ داری کے دائرہ کار میں ہر قسم کی بحری ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ اولین امدادی ادارے کے طور پر کردار ادا کرتی رہے گی۔



