لاہور (بیورو چیف) پنجاب حکومت نے انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے 2 افسران کے تقرر و تبادلوں اور پنجاب پولیس میں 33 ڈی ایس پیز کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گریڈ 20 کی افسر مس نادیہ شفیق کو تبدیل کر کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل سینئر چیف (ای اینڈ سی سی) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
اسی طرح گریڈ 18 کے افسر عبدالجبار کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ زراعت جنوبی پنجاب سے تبدیل کر کے ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) لاہور تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں ایڈیشنل کمشنر (کنسولیڈیشن) محمد ارشد بھٹی سے ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
پولیس میں 33 ڈی ایس پیز کے تقرر و تبادلے
دوسری جانب پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 33 ڈی ایس پیز کے تقرر و تبادلے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعدد افسران کو مختلف اضلاع، یونٹس اور سکیورٹی و انویسٹی گیشن ونگز میں تعینات کیا گیا ہے۔ ان میں گورنر ہاؤس لاہور، ماڈل ٹاؤن سکیورٹی ڈویژن، ڈولفن اسکواڈ، سپیشل برانچ، انویسٹی گیشن یونٹس، ٹریفک اور مختلف ضلعی دفاتر شامل ہیں۔
اہم تعیناتیوں میں شامل افسران کو لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور، نارووال، اٹک، جہلم اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کئی ڈی ایس پیز کو سکیورٹی ڈویژنز، انٹیلیجنس یونٹس، سپیشل برانچ اور کرائم کنٹرول ونگز میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ بعض افسران کو ٹریفک اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔



