
بلوچستان میں حالیہ سکیورٹی صورتحال نے ایک بار پھر یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ خطے کو درپیش خطرات اب صرف روایتی دہشت گردی تک محدود نہیں رہے بلکہ ان کی نوعیت مزید پیچیدہ، منظم اور ہمہ جہت ہو چکی ہے۔ عسکری کارروائیوں کے ساتھ ساتھ فکری جنگ، نفسیاتی دباؤ، ڈیجیٹل پروپیگنڈا، سوشل میڈیا ڈس انفارمیشن اور نوجوان نسل کے استحصال جیسے عناصر بھی اس تنازع کا اہم حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کا معاملہ صرف سکیورٹی آپریشنز تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک وسیع سماجی، فکری اور ریاستی چیلنج کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل کارروائیوں کے ذریعے نہ صرف دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں بلکہ عوام کے تحفظ، ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت اور خطے میں ریاستی رٹ کو مضبوط بنانے کے لیے بھی سرگرم عمل ہیں۔ حالیہ عرصے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچایا گیا، فتنہ الہندوستان کےکئی اہم دہشتگردعناصر کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا اور ممکنہ بڑے حملوں کو ناکام بنایا گیا۔

یہ کارروائیاں اس بات کی غماز ہیں کہ ریاستی ادارے بلوچستان میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مسلسل حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔اسی تناظر میں کم عمر لڑکی خیر النساء کی بازیابی ایک نہایت اہم اور تشویشناک مثال کے طور پر سامنے آئی ہے، جس نے دہشت گرد تنظیموں کے بدلتے ہوئے حربوں کو بے نقاب کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فتنہ الہندوستان سے منسلک عناصر نے متاثرہ لڑکی کو ذہنی دباؤ، خوف اور مبینہ برین واشنگ کے ذریعے خودکش کارروائی جیسے خطرناک منصوبے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی تاہم بروقت انٹیلی جنس معلومات اور پیشہ ورانہ کارروائی کے ذریعے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔
یہ واقعہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں اب کم عمر نوجوانوں اور خواتین کو بھی اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جو نہ صرف سکیورٹی بلکہ سماجی اور اخلاقی سطح پر بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ دہشت گردی اب صرف پہاڑوں، سرحدی علاقوں یا عسکری محاذوں تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے گھریلو، سماجی اور نفسیاتی دائرے میں بھی سرایت کر لی ہے۔ نوجوانوں کی ذہن سازی، سوشل میڈیا کے ذریعے جذباتی استحصال، ریاست مخالف بیانیے کی ترویج اور احساس محرومی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شدت پسند گروہوں کی نئی حکمت عملی بنتی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ فکری اور تعلیمی محاذ پر بھی مضبوط ردعمل ناگزیر ہو چکا ہے۔
دوسری جانب عسکری ناکامیوں کے بعد کالعدم بی ایل اے اور اس سے منسلک عناصر نے پروپیگنڈا اور ڈس انفارمیشن کو ایک متبادل ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیرون ملک سرگرم بعض عناصر، انڈین نیٹ ورکس کے ذریعے منظم انداز میں ایسے بیانیے کو فروغ دیا جا رہا ہے جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان مہمات کا مقصد نہ صرف ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پیدا کرنا ہے بلکہ دہشت گرد تنظیموں کو ایک سیاسی یا مزاحمتی تحریک کے طور پر پیش کرنا بھی ہے حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان گروہوں کی کارروائیوں کا اصل ہدف خوف، عدم استحکام، بدامنی اور ترقیاتی عمل کو نقصان پہنچانا ہے۔یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ دہشتگردتنظیمیں خاص طور پر اُن منصوبوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جو بلوچستان میں تعلیم، ترقی اور سماجی استحکام کو فروغ دے رہے ہیں۔
چمالانگ ایجوکیشن پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس حوالے سے اہم مثالیں ہیں، جنہوں نے ہزاروں نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور بہتر مستقبل کے مواقع پیدا کیے۔ ان منصوبوں کے ذریعے نہ صرف پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو مرکزی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے بلکہ احساس محرومی کے خاتمے اور سماجی انضمام میں بھی مدد مل رہی ہے۔تاہم دہشت گرد عناصر ان ترقیاتی سرگرمیوں کو اپنے بیانیے اور اثرورسوخ کے لیے خطرہ تصور کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیمی ادارے، ترقیاتی منصوبے، سڑکیں، مواصلاتی نظام اور ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار بار بار حملوں کا نشانہ بنتے ہیں۔
چمالانگ میں پیش آنے والا حملہ درحقیقت صرف سکیورٹی فورسز پر حملہ نہیں تھا بلکہ اسے بلوچستان کے امن، ترقی اور نوجوان نسل کے مستقبل پر حملے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس حملے میں شہید ہونے والے اہلکار علاقے میں امن اور ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل کے تحفظ پر مامور تھے، جس سے یہ حقیقت مزید نمایاں ہوتی ہے کہ دہشت گرد عناصر کسی بھی ایسے عمل کو برداشت نہیں کرنا چاہتے جو خطے میں استحکام اور ریاستی عملداری کو مضبوط کرے۔

بلوچستان کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کو صرف عسکری کارروائیوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے ایک جامع قومی پالیسی کے طور پر آگے بڑھایا جائے۔ اس میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ تعلیم، روزگار، نوجوانوں کی فکری رہنمائی، ڈیجیٹل آگاہی، مقامی آبادی کی شمولیت اور مؤثر بیانیے کی تشکیل کو بھی برابر اہمیت دینا ہوگی۔ خصوصاً سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ڈس انفارمیشن کے مقابلے کے لیے ریاستی اور سماجی سطح پر مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔
ریاستی اداروں کی حالیہ کارروائیوں سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی عملی صلاحیت کو محدود کرنے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ متعدد کارروائیوں میں دہشت گردوں کی ہلاکت، سہولت کاروں کی گرفتاری اور خفیہ نیٹ ورکس کی بیخ کنی نے دہشتگردتنظیموں کی آپریشنل استعداد کو متاثر کیا ہے تاہم سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ جنگ صرف عسکری میدان میں نہیں جیتی جا سکتی بلکہ اس کے لیے عوامی اعتماد، سیاسی استحکام، مؤثر طرز حکمرانی اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔
مجموعی طور پر بلوچستان میں جاری صورتحال ایک کثیرالجہتی چیلنج کی عکاسی کرتی ہے جہاں دہشت گردی، فکری انتہاپسندی، پروپیگنڈا اور بیرونی اثرات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایسے میں ریاستی اداروں کی مربوط حکمت عملی، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں، ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل اور عوامی تعاون ہی وہ عوامل ہیں جو خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ بلوچستان کا مستقبل صرف بندوق کے زور پر نہیں بلکہ تعلیم، ترقی، قومی یکجہتی اور عوامی اعتماد کے ذریعے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔



