پاکستانتازہ ترین

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اب اقتصادی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنانا ہمارا مشن: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا اسپیشل کلین اپ آپریشن جاری ہے، جس کی براہِ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔ پہلی مرتبہ 8 مختلف اداروں اور ذرائع سے صفائی کی لائیو رپورٹنگ کا مربوط نظام فعال کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور اور ساہیوال سمیت مختلف اضلاع میں خصوصی صفائی آپریشن جاری رہا۔

“ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت گلی محلوں، مساجد، عید گاہوں، قبرستانوں، بازاروں اور شاہراہوں کی خصوصی صفائی کی گئی۔ مساجد اور عید گاہوں کے راستوں کو دھویا گیا جبکہ چونے سے مارکنگ بھی کی گئی۔ تحصیل اور ضلعی ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے اور ضلعی انتظامیہ مسلسل دورے کرتی رہی۔

گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں اور باقیات پھینکنے کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک رہیں۔ پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلوں میں “ستھرا پنجاب” کیمپ قائم کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ورکرز صفائی آپریشن میں شریک رہے۔ مزید 8 ہزار ورکرز کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ صفائی آپریشن کے لیے 40 ہزار سے زائد گاڑیاں متحرک رہیں جبکہ 12 ہزار اضافی لوڈر رکشے بھی ہائر کیے گئے۔

صوبہ بھر میں آلائشیں اور باقیات تلف کرنے کے لیے سوا کروڑ ماحول دوست بیگز گھر گھر تقسیم کیے گئے۔ چھوٹی یونین کونسل میں 2، درمیانی میں 3 جبکہ بڑی یونین کونسل میں 4 لوڈر رکشے تعینات کیے گئے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید قربانی، ایثار اور اخوت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ نادار اور محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔

وزیراعلیٰ نے ملکی سرحدوں پر تعینات افواجِ پاکستان کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور عملے کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

یومِ تکبیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ 28 مئی پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کے لیے فخر کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف نے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان کو مضبوط دفاع کے لیے ایٹمی طاقت بنایا گیا، اب اسے اقتصادی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بنانا ہمارا مشن ہے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج قوم کو اتحاد، یکجہتی، محنت، برداشت اور رواداری کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

دریں اثنا پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں میجر سرجری ہوئی ہے۔ سرجری کے بعد وزیراعلیٰ گھر منتقل ہو چکی ہیں اور عید کے موقع پر بھی صوبے میں سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button