پاکستانتازہ ترین

کراچی میں پانی فراہمی اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنائیں گے، مراد علی شاہ کا عزم

کراچی(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور شہری سہولیات کی بہتری سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ شہر کے آبی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور بروقت تکمیل کے ساتھ آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے کراچی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کے ساتھ ایک ورچوئل جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP) اور کے فور آگمینٹیشن منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نجم احمد شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

20 لاکھ افراد کو محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کا ہدف

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے واٹر بورڈ حکام نے بتایا کہ کلورینیشن سہولیات کی توسیع اور پانی کے معیار کی نگرانی کے جدید نظام کے ذریعے تقریباً 20 لاکھ شہریوں کو محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے ہدف پر تیزی سے کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا پانی اور سیوریج نظام صوبے کو درپیش اہم عوامی خدمات کے چیلنجز میں شامل ہے، اسی لیے حکومت ان مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں بلکہ ایک جدید، مؤثر اور مالی طور پر مستحکم واٹر یوٹیلٹی کا قیام ہے جو شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کر سکے۔

کے فور آگمینٹیشن منصوبہ اگست 2026 تک مکمل ہونے کا امکان

اجلاس میں کے فور آگمینٹیشن منصوبے کے 2.7 کلومیٹر طویل مشترکہ کوریڈور پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق 72 انچ اور 96 انچ قطر کی پائپ لائنوں کی تنصیب کا کام جاری ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل اگست 2026 تک متوقع ہے۔

ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کراچی کے آبی شعبے میں اصلاحات اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کسٹمر سروس سینٹرز اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت

اجلاس کو بتایا گیا کہ صبا نگر میں بحالی کے منصوبے، کسٹمر سروس سینٹرز، میٹرنگ اقدامات اور دیگر آپریشنل سہولیات کی تکمیل آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تکنیکی اور انتظامی عملے کی بھرتیوں کا عمل تیز کیا جائے اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے بورڈ کی تشکیل جلد مکمل کی جائے تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ٹریفک جام کا نوٹس، فوری اقدامات کی ہدایت

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

انہوں نے ماڑی پور سے سہراب گوٹھ اور کراچی ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا حکم دیا اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کم کرنے پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پانی کی فراہمی، نکاسی آب، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے کراچی میں شہری سہولیات کے نظام کو جدید اور مؤثر بنایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button