پنجاب میں8تا12جون شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ جاری،کیا ہدایات جاری؟

لاہور:(بیوروچیف)پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔ 8 سے 12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔
بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب و میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے ، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کا کہنا تھا کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے ۔گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے،شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پئیں،ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت ہے ۔
شہر ی دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز اور ہائیڈریٹ رہیں ۔کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں ۔ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئ ہے ۔شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، ORS اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔



