پنجاب: مقابلوں کی سپیڈ تیز،15مبینہ ملزم پار
گوجرانوالہ میں5، پتوکی اور ساہیوال میں 3 ،فیصل آباد میں 7ڈاکوہلاک،مرنےوالوں میں شہزاد،عابد،امیرحمزہ،ندیم مسیح،صلاح الدین،اشرف، اشفاق شامل،اے ایس آئی وارث زخمی

لاہور:(بیوروچیف)پنجاب کے مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں اوراپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کے دوران 15ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ واہنڈو کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران واردات شہری کے قتل سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب 2 بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے،ہلاک ملزمان کی شناخت محمد شہزاد اور عابد علی کے نام سے ہوئی جو گوجرانوالہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران ڈکیتی قتل کی 30 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کرلیاجبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری اور بینکوں سے نقد رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے سمیت 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب 2 خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکے پر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت امیر حمزہ اور ندیم مسیح کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ کے علاوہ لاہور میں بھی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلیاجبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔ تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور سی سی ڈی گوجرانوالہ سے پولیس مقابلے کے مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو صلاح الدین عرف کاکو پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
صلاح الدین عرف کاکو درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھاجبکہ اسکے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔گوجرانوالہ کے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کرلی۔ ادھر ضلع پتوکی اور ساہیوال میں مختلف پولیس مقابلوں میں 3 مبینہ ڈاکو ہلاک اورمتعدد فرار ہوگئے۔
تھانہ صدر پتوکی کے علاقے واں آدھن پھاٹک کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق 4 ڈاکو موٹر سائیکل سوار فیملی سے واردات کرکے فرار ہوئے تھے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کی تو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں داخل ہوگئے۔ایس ایچ او معروف خان کی سربراہی میں پولیس ٹیموں نے کھیتوں کا گھیراؤ کیاجس دوران ڈاکو مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ فائرنگ بند ہونے پر سرچ آپریشن کیا گیا تو 2 ڈاکو مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے، 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ساہیوال کے نواحی علاقے 96 نائن ایل کے قریب سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکو سڑک کے درمیان لکڑیاں پھینک کر لوٹ مار کی غرض سے ناکہ لگائے ہوئے تھے۔ سی سی ڈی ٹیم کو آتا دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد مقابلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی، جو 84 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم موٹر سائیکل چوری، راہزنی، سرقہ بالجبر اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ہلاک ڈاکو کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دی گئی، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی ہدایت پرگذشتہ روز مزید 4مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ڈرگ ڈیلر اور ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔
پہلا مبینہ مقابلہ تھانہ رضاآباد کے علاقہ خالد ٹائون کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سفیان بٹر نے اپنے عملہ کے ہمراہ خالد ٹائون کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام اشرف ولد نیک محمد بتایااسے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا، جو کہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اسکے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔
دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ منصورہ کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ پر مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش تاہم پولیس پارٹی نے تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت اشفاق ولد خوشی محمد کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
تھانہ گلبرگ کے علاقہ کمال آباد قبرستان کے قریب ایس ایچ او تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او عبدالغفار نے کمال آباد قبرستان کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام کاشف ولد بشیر بتایا جوکہ ریکارڈ یافتہ بدنام منشیات فروش نکلا جو کہ منشیات کے 5مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اسکا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا۔
علاوہ ازیں تھانہ منصورآباد کے علاقہ کینال روڈ سروس روڈ پر ایس ایچ او منصور آباد توقیر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جبکہ جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی جوکہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو متعدد وارداوں میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔
رینالہ خورد میں قومی شاہراہ بائی پاس پر دن دیہاڑے سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلح تین ڈاکووں نے قومی شاہراہ بائی پاس رینالہ خورد کے مقام پر موٹرسائیکل سوار فیملی کو اسلحہ کی نوک پر روک کر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی، اسی دوران سی سی ڈی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی ،حفاظت خود اختیاری کے تحت پولیس نے بھی فائرنگ کردی ،فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دو فرار ہوگیے، فرار ہونیوالے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونیوالے ڈاکوکے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہواہے۔
علاوہ ازیں فیصل آباد کے علاقے تھانہ روشن والا میں مبینہ پولیس مقابلہ میں پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کار پر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے 4 ڈاکو ہلاک جبکہ گولی لگنے سے اے ایس آئی وارث بری طرح زخمی ہو گیا، پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی سمندری کے علاقہ حشمت پورہ میں ڈاکوئوں کا گروہ کاری نمبر AEE-314 گرے کلر سنترو پر پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر شہریوں کو لوٹنے کے بعد فیصل آباد کی طرف فرار ہوئے، واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے راشد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ تھانہ روشن والا کے سامنے کار سوار ڈاکوئوں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی
اسی دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر اے ایس آئی وارث بری طرح زخمی ہو گیا۔
فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو چاروں ڈاکو مردہ حالت میں پڑے تھے۔ ان کے قبضہ سے اسلحہ اور لوٹی گئی رقوم بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے مضروب تھانیدار کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا اور نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ پوسٹ مارٹم منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی شناخت رمضان عرف سیف آصف، وارث علی اور تنویر کے ناموں سے ہوئی جو کہ تھانہ ترکھانی سٹی سمندری تھانہ صدر سمندری اور دیگر علاقوں میں ریکارڈیافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ڈاکوئوں نے چند روز قبل بیوپاریوں سے 8لاکھ بھی چھینے تھے۔



