پاکستانتازہ ترین

مریم نواز کا انقلابی اقدام، پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغاز، 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرض

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں قدرتی وسائل سے صنعت، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے لیے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس سکیم کے تحت نئے اور موجودہ سرمایہ کاروں کو پنک سالٹ کی پراسیسنگ، پیکنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کرتے ہوئے قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جہاں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 150 ملین روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد کے لیے براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

سرمایہ کاروں کے لیے جدید سہولیات

افتتاحی تقریب میں دی گئی بریفنگ کے مطابق سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔ سکیم کے تحت سالٹ پراسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ، پیکجنگ، جدید مشینری اور ایکسپورٹ معیار کی ٹیکنالوجی کے لیے 50 لاکھ سے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی ادائیگی آسان اقساط میں پانچ سال کے دوران کی جا سکے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنک سالٹ کی برآمدات سے سالانہ 300 ملین ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی جبکہ دوسرے مرحلے میں 2.5 ارب روپے سے زائد کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سرمایہ کار مائنز اینڈ منرلز پنجاب کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

"پنک سالٹ پر اب ‘میڈ اِن پاکستان’ لکھا جائے گا”

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم سے روزگار، صنعت اور ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ دنیا بھر میں پاکستانی پنک سالٹ کی برآمدات مزید فروغ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب پنک سالٹ پر "میڈ اِن پاکستان” لکھا جائے گا اور حکومت قدرتی وسائل کی شفاف اور دیانت دارانہ حفاظت کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر کا حامل ہے اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پیکنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی عالمی منڈی میں پاکستان کا حصہ مزید بڑھے گا۔

ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے: نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا عزم

ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس نوجوان ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ آسان کاروبار اور آسان فنانس سکیم کے تحت ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض بھی دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت دو ہزار نوجوانوں کو 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں جدید آئی ٹی، کنسٹرکشن، ویلڈنگ، ٹائل فکسنگ، ہیوی وہیکل مینٹیننس سمیت مختلف بین الاقوامی معیار کے کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 10 ہزار نوجوانوں کو سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پہلی بار نصاب میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔

خواتین کی فنی تربیت پر بھی خصوصی توجہ

مریم نواز نے بتایا کہ سحر پروگرام کے تحت صوبے بھر کی 5,365 خواتین کو بیوٹیفکیشن، ہاسپیٹلٹی اور ایئر لائن مینجمنٹ سمیت جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ پروگرام میں شریک خواتین کو مفت لیپ ٹاپ اور 7,500 روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔

ارکان اسمبلی سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب نے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا اور چودھری اختر عباس بوسال سے ملاقات بھی کی، جس میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکان اسمبلی نے منڈی بہاؤالدین میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز اور شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع میں بھی مزید الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی اور 32 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر، سیف سٹی اور ستھرا پنجاب جیسے منصوبے پنجاب میں گڈ گورننس کی بہترین مثال ہیں۔

حادثے پر اظہار افسوس

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریدکے میں دو بسوں کے تصادم کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button