پاکستانتازہ ترین

طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے بجٹ کی منظوری: گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں میرٹ، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 19ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جہاں مالی سال 2026-27 کے بجٹ سمیت متعدد اہم پالیسی فیصلوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔

جدید پوسٹ مارٹم رومز اور سووینئر شاپ کا افتتاح

اجلاس کے بعد گورنر پنجاب نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں جدید پوسٹ مارٹم رومز اور سووینئر شاپ کا افتتاح کیا، جبکہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

میرٹ، تحقیق اور جدید طبی تعلیم پر زور

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کا نفاذ اولین ترجیح ہے اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے طبی تعلیم، تحقیق اور صحت کے شعبے میں ہمیشہ نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی مقصد ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو فروغ دینا ہے، جبکہ طب کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور عالمی رجحانات سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے کی ترقی اور جدید طبی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

طلبہ کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ کی جانب راغب کرنے کی ہدایت

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، اس لیے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو صاف ستھرا تعلیمی ماحول اور معیاری ہاسٹل کی سہولیات فراہم کرنا ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات جاری ہیں، خواجہ سلمان رفیق

پرو چانسلر اور وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صحت کے شعبے میں تاریخی اصلاحات جاری ہیں، جن کا مقصد عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کی عالمی کامیابیاں

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے سینیٹ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے:

  • QS ورلڈ رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
  • ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے 93.7 اسکور حاصل کیا۔
  • 155 گریجویٹس امریکی ریزیڈنسی پروگرامز میں منتخب ہوئے۔
  • بائیو بینک اور جینوم سیکوینسنگ لیبارٹری سمیت متعدد جدید منصوبے کامیابی سے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں طبی تعلیم، تحقیق اور عالمی معیار کی میڈیکل ٹریننگ میں یونیورسٹی کی برتری کا واضح ثبوت ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button