پاکستانتازہ ترینکاروبار

پاک، امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق، دوطرفہ تجارتی تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار

برآمد کنندگان کو امریکی منڈی تک رسائی میں سہولت دی جائے، فہیم الرحمان سہگل

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اقتصادی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور پاک، امریکہ تعلقات میں ایک منفرد موقع کی حیثیت رکھتا ہے اور امریکی ناظم الامور نیتھلی بیکر کے مطابق یہ دونوں ممالک کی سفارتی تاریخ کے بہترین ادوار میں سے ایک ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں سیاسی و اقتصادی شعبے کے سربراہ ول کیمبل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے امریکی وفد کا خیرمقدم کیا جبکہ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی قونصل جنرل

اسٹیٹسن سینڈرز نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کاروباری افراد، نوجوان اور متحرک افرادی قوت موجود ہے جبکہ مقامی کمپنیاں چیلنجز کے باوجود جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہی صلاحیتوں کی بدولت پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 8.7 ارب ڈالر رہا، جس میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور تیار شدہ مصنوعات نے نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، جدید صنعتوں، تحقیق و ترقی اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ تعاون دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

پاکستانی کمپنیوں کو امریکی مارکیٹ تک رسائی کی دعوت

امریکی قونصل جنرل نے پاکستانی کاروباری اداروں کو لاہور میں قائم امریکی کمرشل سروس سے رابطہ کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستانی کمپنیوں کو امریکی کاروباری شراکت داروں سے جوڑنے، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی، مارکیٹ سے متعلق معلومات، تجارتی وفود کے تبادلے اور امریکی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرتا ہے، جس سے نئی سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو فروغ ملے گا۔

امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، فہیم الرحمان سہگل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جہاں پاکستان کی تقریباً 20 فیصد برآمدات بھیجی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ امن اور استحکام معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

ایس ایم ایز، آئی ٹی اور ای کامرس میں تعاون بڑھانے کی ضرورت

فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کا تقریباً 40 فیصد حصہ ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI)، جدید ٹیکنالوجی، ای کامرس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستانی کاروباروں کو عالمی منڈیوں، خصوصاً امریکہ، تک بہتر رسائی دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور فنی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل مہارتوں میں تعاون سے روزگار کے مواقع اور اقتصادی ترقی کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔

برآمدات میں اضافے کے لیے نئے شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت

فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی مارکیٹ میں داخلے کے لیے بین الاقوامی معیار، سرٹیفکیشن اور ضابطہ جاتی تقاضوں سے متعلق مزید رہنمائی درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے علاوہ آئی ٹی سروسز، زرعی مصنوعات، انجینئرنگ مصنوعات، سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور ادویات ایسے شعبے ہیں جن میں پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button