پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

دھرنے شروع،ایڈونچر کیا تواحتجاج حکومت گرائو تحریک میں بدل سکتا ہے:حافظ نعیم

 لیوی ٹیکسز کیخلاف کراچی، پشاور، کوئٹہ کے گورنر ہاؤسز اور لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا ،اپوزیشن اور دینی جماعتیں بھی ساتھ دیں :پریس کانفرنس

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہےپٹرول کی قیمتیں کم کرائیں گے، حق لینے کیلیے عوام کو نکلنا ہوگا،جماعت اسلامی 16اگست کو لیوی ٹیکسز کے خلاف کراچی، پشاور، کوئٹہ کے گورنر ہاؤسز اور لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی،یہ دھرنے سہ پہر 4بجے شروع ہوں گے۔
مختلف شہروں سے عوام کے قافلے مارچ کرتے ہوئے دھرنوں کے مقامات پر پہنچیں گے۔ منصورہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی نے کہا  ہم پر امن طور پر پریشان حال محنت کشوں،مزدوروں طلباء سمیت معاشرے کے  پسے ہوئے طبقے کی آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
اگر ہمارے احتجاج میں حکومت نے ایڈونچر یا کھلواڑ کرنے کی کوشش کی تو پھر پٹرول کم قیمت کرنے کی یہ تحریک حکومت گراؤ تحریک میں بھی بدل سکتی ہے۔ جماعت اسلامی نے گزشتہ ہفتے پانچ سو دس مقامات پر دھرنے دیے، کسی ایک مقام پر کوئی گملا بھی نہیں ٹوٹا،ہم پر امن رہتے ہوئے میدان میں نکلیں گے اوراپنا حق لے کر جائیں گے۔
ہم دھرنے شروع ہونے کا وقت دے رہے ہیں ختم ہونے کا نہیں۔ پٹرول لیوی ختم کرکے قیمت 225روپے اورآٹے بجلی گیس کی قیمتیں کم کرکے روٹی دس روپے کی جائے۔وفاقی و صوبائی بیوروکریسی ،ججز، جرنیلوں،وزراء اور مشیر وں کی گاڑیاں 13سو سی سی سے بڑی نہیں ہونی چاہئیں،مفت بجلی گیس اور تیل سمیت شاہانہ مراعات ختم کی جائیں اور عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے۔
عوام پر حکمرانوں کے ظلم کی انتہا ہوگئی ہے۔حکومتی اخراجات عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈال کر پورے کئے جارہے ہیں۔حکمران اپنے خرچے کم اور مراعات ختم کرنے کو تیار نہیں ہیں پٹرول کےایک لٹر پر 130روپے لیوی کے نام پر بھتہ وصول کیا جارہا ہے،وفاقی حکومت کے اخراجات کا تخمینہ آٹھ سو ارب تھا مگر حکومت ایک ہزار ارب روپے خرچ کرچکی ہے اور عوام کو خون نچوڑ کر حکمران شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں۔
عوام کو ٹرانسپورٹ میسر نہیں اور وزیر اعلی 11ارب کے جہاز میں گھوم رہی ہیں اور جب کہا جاتا ہے توڈھٹائی سے کہتے ہیں ہاں خریدا ہے جہاز۔عوام اب بھی نہ نکلے تو پھر کب گھروں سے باہر نکلیں گے۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں،جماعت اسلامی ہمیشہ عوامی ایجنڈے کو لیکر چلتی ہے۔
اس وقت الیکشن  نہیں ہو رہے مگر جماعت اسلامی عام آدمی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے میدان میں موجود ہے۔ہم اپوزیشن  اور دینی جماعتوں سمیت تمام سیاسی کارکنوں کو بھی باہر نکلنے اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے جماعت اسلامی کی آواز میں آواز ملانے کی دعوت دیتے ہیں۔
اگر حکومت نے ہمارا راستہ روکا تو پھر ہمارے پاس دوسرا پلان موجود ہے،ہمیں روکا گیا تو یہ دھرنے پورے ملک میں پھیل جائیں گے۔حکمران خوب جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے کارکنان پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ہم ڈنڈے اور شیل کھانے کے عادی ہیں، اگر حکومت نے انتشار اور فساد پھیلانے کی کوشش کی توساری ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
ابھی ایک ہفتہ قبل ملک بھر میں پانچ سو دس مقامات پر پر امن دھرنے دیئے گئے، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہواکہ لاکھوں لوگ احتجاج کررہے ہوں اور کوئی ایک گملا ٹوٹے نہ کسی کی نکسیر تک پھوٹی ہو۔ مجھے گڈز ٹرانسپورٹرز کا فون آیاتھا ہم ان کا معاملہ بھی اٹھائیں گے، تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو بھی کہتے ہیں اپنے مطالبات ایسے انداز میں پیش کریں  جن سے عوام کومشکلات نہ ہوں، ہم فارم سینتالیس کی حکومت کے خلاف ہیں، کراچی میں ہماری سیٹیں چھین کر ظلم کیا گیامگر ہم پر امن رہے۔
 حکومت ہمارے صبر کو نہ آزمائے،عوام ان حکمرانوں کو مزید برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ۔ نااہل حکمران آئی پی پیز کو بجلی بنانے سے زیادہ بجلی نہ بنانے کے پیسے دے رہے تھے اور ظلم پر ظلم یہ کہ یہ ادائیگیاں ڈالروں میں کی جارہی تھیں۔ہماری تحریک کے نتیجے میں کئی معاہدے منسوخ ہوئے ، ملک کوہزاروں ارب  کا فائدہ ہواجبکہ عوام کو 7روپے فی یونٹ کا ریلیف ملا۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button