
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)معروف اسکالرسید سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے اور دنیاوی وسائل پر حد سے زیادہ انحصار انسان میں بے چینی اور حرص پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روحانیت کا راستہ عبادت اور نیکی کے امتزاج سے طے ہوتا ہے اور رب سے براہِ راست تعلق ہی حقیقی سکون کی بنیاد ہے۔
اسلام آباد میں سید سرفراز احمد شاہ نے مقامی ہوٹل میں سوال و جواب کی نشست سے خطاب کیا ،جہاں صاحبزادگان سید شیراز احمد شاہ ، سید سہیل احمد شاہ سمیت عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے، جس نے ہر جاندار کے رزق کی ضمانت دے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کی بے چینی اور حرص کی اصل وجہ رب پر بھروسے کی بجائے دنیاوی وسائل پر انحصار ہے، جبکہ حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ رزق کی دو قسمیں ہیں، ایک وہ جسے انسان تلاش کرتا ہے اور دوسرا وہ جو انسان کو خود تلاش کرتا ہے۔
سید سرفراز احمد شاہ نے زور دیا کہ روحانیت کا راستہ نیکی اور عبادت کے امتزاج سے طے ہوتا ہے، محض ذکر و اذکار کافی نہیں۔ انہوں نے شکر گزاری اور براہِ راست اللہ سے تعلق کو روحانی سکون کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ روحانیت کا سفر تکلیف دہ نہیں بلکہ ایک طالب علم کی محنت کی مانند ہے، جس میں قربِ الٰہی کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔
صاحبزادہ سید شیراز احمد شاہ کا کہنا تھا حضور پاک ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر زندگی کو آسان بنایا جا سکتا ہے ، سید شیراز احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کا مزید کہنا تھا کہ والدین کی خدمت اور والدین سے محبت عبادت سمجھ کر کی جائے ، اس میں دونوں جہانوں میں بھلائی ہے ۔



