لاہور(بیوروچیف) محتسب پنجاب کی مؤثر اور بروقت مداخلت کے نتیجے میں ضلع منڈی بہاؤالدین میں قبرستان کے لیے مختص سرکاری اراضی پر قبضے کا سنگین مسئلہ حل کر لیا گیا۔ کنڈ موچیاں کے علاقے میں واقع 1 کنال 12 مرلہ سرکاری زمین طویل عرصے سے قبضہ مافیا کے زیرِ تصرف تھی، جسے کامیاب کارروائی کے بعد واگزار کرا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی شہریوں نے قبرستان کی سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کے خلاف دفترِ محتسب پنجاب سے رجوع کیا تھا۔ شکایت موصول ہوتے ہی محتسب پنجاب نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو قانون کے مطابق سخت اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
محتسب پنجاب کی خصوصی ہدایات پر لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں کئی برسوں سے ناجائز طور پر قابض عناصر سے قبرستان کی زمین واگزار کر کے اصل مقصد کے لیے بحال کر دی گئی۔ اس اقدام سے نہ صرف عوامی مفاد کا تحفظ ممکن ہوا بلکہ سرکاری املاک کے تحفظ کے عزم کو بھی تقویت ملی۔
دفترِ محتسب پنجاب کے مطابق آئندہ ایسے غیر قانونی قبضوں کی روک تھام کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ سرکاری اراضی کو ناجائز استعمال سے محفوظ بنایا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے محتسب پنجاب کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے عوام دوست اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا ہے۔ ترجمان دفترِ محتسب پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح سے متعلق اقدامات کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔



