انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینکاروبار

جاپان، سری لنکا اور پاکستان میں مثالی ترقیاتی تعاون ہے:ندیم عالم

جاپانی قونصل جنرل سے سری لنکن اعزازی قونصل جنرل کی ملاقات،اہم امورپر گفتگو،معاشی سفارت کاری سے پاکستان ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے: چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون

لاہور ( محمدقیصر چوہان )جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ، گوجرانوالہ بزنس سینٹرکے چیئرمین احمد اکرام لون اور پاک ایمز ٹریول اینڈ ٹورز کے چیف ایگزیکٹوصادق صابر نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاپان ، سر لنکا اور پاکستان کے درمیان انسانی وسائل کے تبادلے کو فروغ دینے، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنے ،تجارت، سرمایہ کاری ، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور عوام کے مابین تعلقات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے بارے بات چیت ہوئی ۔

اس موقع پر گوجرانوالہ بزنس سینٹرکے چیئرمین احمد اکرام لون نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کو ایکسیلنس ایوارڈ 2026 کیلئے نامزد کیا۔ جس پر سید ندیم عالم شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان، سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات امن، ترقیاتی تعاون اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، بزنس مین اور سرمایہ کار ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،جاپان، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپان دنیا بھر میں معاشی، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کا ایک شاندار ماڈل بن چکا ہے، جہاں مادی ترقی کے ساتھ انسانی اقدار کا احترام بھی نظر آتا ہے لہٰذاپاکستان اورسری لنکا کی حکومتیں معیشت، تعلیم، صحت، پولیس ریفارمز، سیوریج اور واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات، ٹریفک نظام اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے جاپانی ماڈل اور ٹیکنالوجی کو اپنا کران شعبوں میں جدید اصلاحات لائیں۔

گوجرانوالہ بزنس سینٹرکے چیئرمین احمد اکرام لون نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کیلئے ایڈ کے بجائے ٹریڈ کی پالیسی اپنائے،معاشی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے،غیر ملکی سر مایہ کاروں کیلئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں اگر دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت کارمحنت اور ایماندار ی سے اپنا کام کریں تو پاکستان غیر ملکوں قرضوں سے نجات حاصل کرکے معاشی طور پر مضبوط بن سکتا ہے۔
فوٹو کیپشن:
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ اوراحمد اکرام لون ملاقات کر رہے ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button