پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

پنجاب پولیس کا سب انسپکٹر فرض کی راہ میں شہید

آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا نوٹس، ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم، چھاپے جاری

لاہور ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی ) پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر افسر فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کر گیا۔ تھانہ لکسیاں سرگودھا کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر رضوان ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کوٹ مومن کے علاقے میں فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ریڈ کیا، تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر عامر رضوان شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی افسر کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا نے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
آئی جی نے فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے سب انسپکٹر عامر رضوان کی لازوال قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آئی جی نے ڈی پی او سرگودھا کو شہید کے اہلخانہ سے فوری رابطہ کر کے مکمل دیکھ بھال اور ہر ممکن تعاون کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی اہلخانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button