پاکستانتازہ ترینسپورٹس

پی ایس ایل کی 2نئی ٹیمیں 360کروڑ میں فروخت

بولی صرف پی ایس ایل نہیں پاکستان کی کامیابی ہے، سب ملکر ملک اور کرکٹ کو مزید بلندیوں پر لیکر جائیں گے، محسن نقوی

لاہور (سپورٹس رپورٹر/ سلمان حسین ) پی ایس ایل کی 2نئی ٹیمیں 360کروڑ روپے میں فروخت کر دی گئیں، 7ویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر حاصل کی اور اسے حیدر آباد کا نام دیا جبکہ 8ویں ٹیم او زی ڈویلپرز نے 185کروڑ کی بولی لگا کر خرید لی اور ٹیم کیلئے سیالکوٹ کے نام کا انتخاب کیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی نیلامی کی تقریب میں 9گروپس نے شرکت کی جن میں ساتویں ٹیم کیلئے سب سے زیادہ بولی ایف کے ایس گروپ نے 175کروڑ روپے لگائی جو کہ حتمی ثابت ہوئی ۔پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کی بولی کا آغاز 110کروڑ روپے سے ہوا، فاتح بولی دہندہ اور آئی ٹوسی میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، دام لگتے رہے، قدربڑھتی رہی ۔ آئی ٹو سی نے اپنی آخری بولی 174کروڑ روپے دی جس کے جواب میں ایف کے ایس کے ایس گروپ نے 175کروڑ روپے لگائی اور ٹیم حاصل کر لی ۔
رنگ برنگی تقریب کا جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اہتمام کیا گیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، طلال چودھری، طارق فضل چودھری شریک ہوئے۔ پی ایس ایل آکشن کی تقریب کے آغاز پر ہانگ کانگ سپر سکسز اور پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران پاکستان شاہینز کو رائزنگ سٹار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ حیدر آباد، سیالکوٹ کا شامل ہونا پی ایس ایل کیلئے تاریخی لمحہ ہے، نیلامی کی رقم کوئی چھوٹی رقم نہیں ہے۔ دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیم خریدنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، فواد سرور اور حمزہ مجید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حیدرآباد اور سیالکوٹ کے عوام کو بھی مبارک ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج فرنچائز اونرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل پر اپنااعتماد ظاہر کیا ہے، حیدرآباد، سیالکوٹ کا شامل ہونا پی ایس ایل کیلیے تایخی لمحہ ہے، دونوں ٹیموں کی بولیاں صرف پی ایس ایل نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت تمام پاکستانیوں کی کامیابی ہے، آج کی بڈ پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
پاکستان میں کرکٹ کو مزید مضبوط کریں گے، فرنچائز اونر کی پاکستان اور کرکٹ سے لگا اور محبت صرف ملک کیلئے ہے، نئے فرنچائز اونر پاکستان کی کرکٹ کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ آج صرف ایک بولی نہیں لگی بلکہ پاکستان پر اعتماد کی کامیابی ہے، پی سی بی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ملک اور کرکٹ کو مزید بلندیوں پر لیکر جائیں گے، ہم سب ملکر کرکٹ اور ملک کو اپنی منزل تک لے کر جائیں گے۔ پی سی بی کے سربراہ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ٹیم ہی سب کچھ ہوتی ہے اور ٹیم کا ایک ایک ممبر اہم ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button