لاہور( سلمان حسین سے)پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کیلئے تیار ، ایونٹ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب لاہور میں کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16 فروری کو منعقد کی جائے گی۔
تقریب کا انعقاد حضوری باغ لاہور میں کیا جائے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریبات کا شیڈول تیار کرلیا ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تمام تقریبات کی حتمی منظوری بھی دے چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری تعمیراتی کام بھی تکمیل کے قریب ہے، سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب 7 فروری کو کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف قذافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم کو اس کی باضابطہ دعوت دے دی ہے ۔م از کم 10 میچوں کی میزبانی پاکستان کرے گا جبکہ دبئی 3 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں بھارت اور پہلا سیمی فائنل شامل ہے۔ اگر بھارت 9 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بصورت دیگر فائنل دبئی میں ہوگا۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی آئی سی سی کے اس بڑے ایونٹ کی میزبانی کا جشن منانے کے اپنے منصوبوں پر آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو ہونے والے میچ سے قبل اپنے ایونٹ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان کے عوام کی جانب سے 29 سال میں پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے جوش و خروش کو اجاگر کرنے کے لیے اپنے ایونٹ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔



