اسلام آباد ( ویب ڈیسک) بنگلہ دیش بحریہ کا وفد، کمانڈر چٹاگرام ( کام چٹ) ریئر ایڈمرل محمد معین الحسن کی قیادت میں، جاری دوطرفہ بحری مصروفیات کے تحت نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق دورے کے دوران، وفد کے سربراہ ریئر ایڈمرل محمد معین الحسن نے چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور علاقائی سلامتی کے طریقہ کار کو تقویت دینا شامل تھا۔
دونوں معززین نے آپریشنل روابط کو وسیع کرنے، معلومات کے تبادلے کو بڑھانے اور دونوں بحریہ کے درمیان سٹریٹجک تعاون کی نئی جہتوں کی تلاش کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
بنگلہ دیش بحریہ کے وفد کا دورہ دونوں بحریہ کے درمیان پائیدار تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے اور پیشہ ورانہ روابط، آپریشنل ہم آہنگی کے فروغ اور علاقائی بحری امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے کے باہمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔



