روڈ ٹومکہ،حج پروازیں شروع،لاہورسے 345عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے

لاہور:(بیوروچیف) روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی۔سعودی ایئرلائن کی پرواز صبح ساڑھے 10 بجے لاہور سے روانہ ہوئی، اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان،
سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور دیگر مقررین نے بہترین سہولیات کی فراہمی اور تعاون پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر لاہور سے روانہ ہونے والے پاکستانی عازمین حج نے حکومت پاکستان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ وزارت مذہبی اُمور کے مطابق پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔



