لاہور،(بیوروچیف)گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے کے متعلق وزیر صحت خواجہ عمران نے کہا ہے کہ دھرنا اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی ہڑتال بلا جواز ہے ، کسی ہیلتھ ورکر کو بے روز گار نہیں کر رہے ۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اپنے بیان میں بتایا کہ حکومت شعبہ صحت میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ہم 20 ہزار کمیونٹی انسپکٹرز بھرتی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو شرپسندی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مظاہرین کا سرنجز اور قینچیوں سے پولیس پر حملہ افسوسناک ہے ، ہسپتالوں میں علاج بند کرکے مریضوں کو خوار کرنا غیر انسانی فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایچ یوز کی آوٹ سورسنگ کیلئے 9 ہزار ڈاکٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا، آؤٹ سورس میں ڈاکٹرز کی دلچسپی منصوبے کے بہترین ہونے کا ثبوت ہے ۔



