لاہور ( سلمان حسین ) گوگل کی جانب سے پنجاب میں طلبہ کیلئے اہم اعلان کر دیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی بڑی خوشخبریاں سنا دی گئیں۔ لاہور میں مریم نواز شریف کے زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں طلبہ کیلئے سکالرشپس، مفت آئی ٹی کورسز اور جدید سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گوگل کے تعاون سے پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے، جن کی فیس 400سے 1000ڈالر تک ہوگی، ان کورسز میں سائبر سکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بزنس انٹیلی جنس سمیت دیگر جدید شعبے شامل ہوں گے، جن کا دورانیہ تین سے چھ ماہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کالجز ایجوکیشن کی سٹینڈرڈ رائزیشن کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے 166 سرکاری کالجز میں جدید آئی ٹی لیبز کے قیام کی منظوری بھی دی، اس کے علاوہ پہلی مرتبہ کالجز میں پرنسپلز، اساتذہ اور اداروں کیلئے کارکردگی کے پیمانے ( کے پی آئیز) مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی کارکردگی بھی انہی پیمانوں کے تحت جانچی جائے گی۔
اجلاس میں ہونہار سکالرشپ پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 62ہزار 949طلبہ کو ایک ساتھ سکالرشپس دینے کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اہل طلبہ کو بلا امتیاز وظائف فراہم کیے جائیں، اس پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، 29اضلاع کے 36کامرس کالجز کو 19سرکاری یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں بزنس، اکائونٹنگ، فنانس، بینکنگ، آئی ٹی اور ای کامرس سمیت 14مختلف بی ایس پروگرامز پڑھائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ کیلئے الیکٹروبس سہولت کی منظوری بھی دی، جبکہ لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے میں خصوصی طلبہ اور اقلیتی طلبہ کو بھی اوپن میرٹ پر شامل کرنے کی ہدایت جاری کی، اس سے قبل پہلے مرحلے میں 38ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں جبکہ دوسری مرحلے کیلئے 1 لاکھ 42ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔
اجلاس میں تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ گریڈ 8کے سسمنٹ امتحانات میں 9لاکھ 94ہزار طلبہ نے شرکت کی، جن میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 92فیصد جبکہ طلبا کا 84فیصد رہا، وزیراعلیٰ نے پہلی تین پوزیشنیں طالبات کے حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے سرگودھا سمیت دیگر علاقوں کے تعلیمی اداروں میں بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ ادھر وزیراعلیٰ نے نواب ٹائون میں سکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور پولیس کو 8گھنٹے میں ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بیٹی سے ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔ بیٹیاں اور بہنیں ریڈ لائن ہیں۔ تحفظ کا عہد ہر صورت نبھائیں گے۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے نیشنل سائیکلسٹ اور روئنگ پلیئر نتالیہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔



