سری لنکا: نئے صدر کی جماعت پارلیمانی انتخابات میں بھی کامیاب
دو تہائی اکثریت حاصل: نوازشریف کی انورا کمارا ڈسانئیکے کومبارکباد
کولمبو، لندن (ویب ڈیسک ) سری لنکا کے نئے مارکسسٹ صدر انورا کمارا ڈسانئیکے کی جماعت نے پارلیمنٹ کے انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔ غیرملکی خبر ایجنسی اے پ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے الیکشن کمیشن کے مطابق صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کی جماعت نیشنل پیپلز پاور پارٹی نے 225میں سے 159نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق نئے صدر کی جماعت کو عوام نے ملک کی معیشت بحال کرنے کیلئے زبردست مینڈیٹ دیا ہے۔ سری لنکا کے اپوزیشن لیڈر سجیتھ پریماداسا کی قیادت میں ساماگی جانا بالاویگایا یا یونائیٹڈ پیپلز پاور پارٹی 40نسشستیں حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر رہی۔ دریں اثنا سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کو پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے اپنے پیغام میں صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کو کہا کہ یہ اس اعتماد اور بھروسے کا منہ بولتا ثبوت ہے جو سری لنکا کے عوام نے ان کے ویژن اور قیادت پر ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے قریبی اور دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور تعاون کی طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔



