پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

مختلف واقعات میں 3خواتین سمیت 6افراد قتل، 2زخمی

چونیاں میں ذہنی معذور بیٹے نے باپ کو مار ڈالا، سرگودھا،فیصل آباد میں دو خواتین قتل،کراچی میں برگر فروش،سکھر میں شہری قتل،روہڑی میں چار بھائیوں نے بہن کو مار ڈالا

قصور،کراچی(نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام)چونیاں کے نواحی گاؤں رتن کوٹ میں ذہنی معذور بیٹے نے کسی معمولی بات پر طیش میں ا کر اپنے باپ شمشیر کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا اور اپنی ماں شمیم بی بی کو شدید زخمی کر دیا۔ زخمی خاتون کو جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

سرگودھا کے قصبہ کوٹ مومن میں مین مسلم بازار میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 25 سالہ شادی شدہ خاتون سفینہ بی بی کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

فیصل آباد کے علاقے 49ج ب باٹھاں میں نامعلوم سفاک افراد نے ڈیرے پر سوئی ہوئی شادی شدہ خاتون کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ عمر حیات اور اس کی اہلیہ دولت رانی محمد علی ڈھلوں کے ڈیرے پر کام کرتے تھے ، عمر حیات اپنی اہلیہ کو ڈیرے پر چھوڑ کر کام کے سلسلے میں گیا اور رات ساڑھے دس بجے واپس آیا تو اس کی بیوی مردہ حالت میں پڑی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے برگر فروش محمد عادل کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، بتایا گیا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین افراد آئے اور انہوں نے فائرنگ کر کے عادل کو قتل کر دیا۔ پولیس چھان بین میں مصروف ہے۔

سکھر کے علاقے قریشی گوٹھ میں مسلح افراد نے سیلون پر فائرنگ کی جس سےایک شخص غلام اکبر منگی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ حملہ آور فرار ہو گئے۔ جاں بحق شخص کے ورثا نے لاش کمشنر آفس کے سامنے رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا، پولیس نے مظاہرین سے بات چیت کی اور انہوں نے کارروائی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا۔

روہڑی میں بھائیوں نے کاروکاری کا الزام لگا کر شادی شدہ بہن کو قتل کرڈالا۔پولیس کے مطابق ملزموں مٹھل، نیک محمد، ہدایت اللہ اور میرداد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ تراسی لانڈھی کے قریب ڈاکوؤں نے مسافر گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ڈرائیور نور احمد شدید زخمی ہو گیا جسے کوئٹہ ہسپتال منتقل کر دیا دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button