محبت کی شادی کیلئے بھارت جانے والی سیما حیدر کو ملک چھوڑنے کا حکم
گریٹر نوئیڈا (ویب ڈیسک) محبت کی شادی کے لیے پاکستان میں اپنے شوہر کو چھوڑ کر بچوں کے ساتھ بھارت جانے والی سیما حیدر بھی بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد کیے جانے والے جارحانہ اقدامات کی زد میں آگئی ہیں اور 3روز تک بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی مرکزی حکومت نے پاکستان کی شہریت رکھنے والے تمام افراد کو اپریل کے اختتام سے قبل ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
سیما حیدر کے وکیل اے پی سنگھ بھارت میں پائے جانے والے جارحانہ رویے کے باوجود پرامید ہیں کہ ان کی موکلہ کو بھارت میں رہنے کی اجازت مل جائے گی اور انہوں نے موقف اپنایا کہ سیما حیدر اب پاکستان کی شہری نہیں ہیں۔
اے پی سنگھ نے بتایا کہ سیما پاکستان کی شہری نہیں ہیں، انہوں نے سچن مینا سے شادی کی ہے اور گریٹر نوئیڈا میں رہائش پذیر ہیں اور حال ہی میں ان کے ہاں بیٹی بھی پیدا ہوئی ہے۔
جس کا نام بھارتی مینا رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کی شہریت اب ان کے بھارتی شوہر سے منسلک ہے اور اسی لیے مرکزی حکومت کے احکامات ان پر لاگو نہیں ہونے چاہئیں۔ وکیل نے کہا کہ مرکز کے احکامات صرف ان لوگوں کے لیے ہیں جن کے پاس اس وقت بھی پاکستان کی شہریت ہے۔



