پنجاب میں 1853خواتین تاحال لاپتہ: رپورٹ لاہور ہائیکورٹ پیش
لاپتہ اور مغوی خواتین کے مجموعی طور پر 3252مقدمات زیر تفتیش ہیں:آئی جی

لاہور:( بیوروچیف)آئی جی پنجاب نے صوبے میں لاپتہ اور مغوی خواتین سے متعلق تفصیلی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 1853خواتین تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں مقدمات مختلف مراحل میں زیر تفتیش ہیں۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں لاپتہ اور مغوی خواتین کے مجموعی طور پر 3252مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ گزشتہ سماعت کے بعد پولیس نے 1405خواتین کو بازیاب کروا لیا جبکہ اب بھی 1853خواتین لاپتہ ہیں جن کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ 2145مقدمات کی تفتیش 1927تربیت یافتہ پولیس افسران کر رہے ہیں تاکہ کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی جی پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا 1847مقدمات میں تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے اور متعلقہ افسران مختلف پہلوں سے تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں مقدمے کی آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ بھی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔



