لاہور:(سید ظہیر نقوی)پنجاب یونیورسٹی جیسے مادرعلمی میں آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے جس کو کوئی مائی کا لال نہیں روک سکا۔
پنجاب یونیورسٹی میں آئس (منشیات) سپلائی کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزم اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق اہلکار غیر حاضری کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل معطل ہو چکا تھا۔
واضح رہے پہلے بھی کئی بار تعلیمی اداروں کے قریب یا اندر آئس سپلائی کرتے ملزم گرفتار ہوچکے ہیں ، منشیات فروش سٹوڈنٹس کو نشے کی لت لگا کر تعلیمی اداروں کو ٹارگٹ کرتےہیں۔
پنجاب یونیورسٹی نے کچھ سیکورٹی ایشوز کی وجہ سے اپنی سیکورٹی کا دائرکار مضبوط کرکے چیکنگ سسٹم اور ناکے لگا رکھے ہیں تاکہ یونیورسٹی میں غیر متعلقہ شخص نہ داخل ہوسکے ، پولیس اہلکار آئس سپلائی کرنے آیا تو سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں پکڑا گیا ۔
طلبا وطالبات کے والدین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کوبہتر مستقبل کیلئے پنجاب یونیورسٹی بھیجتے ہیں لیکن صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے۔



