خدمت کا سفر تیزی سے آگے بڑھائیں گے: مریم نواز
بھارت سے واپس آنیوالے مریضوں کے مفت علاج کی ہدایت،وزیراعلیٰ سے سپیکر اور ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقاتیں ،مریم نواز کی پولیس کو شاباش
لاہو (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد عاصم شیر میکن اورخرم خان ورک موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی و سیاسی امور،بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سپیکرملک محمد احمد خان کو پنجاب اسمبلی امور بطریق احسن سرانجام دینے کو سراہا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں ریکارڈ گھر بنانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلبہ کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ پراجیکٹس کو سراہتے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد عاصم شیر میکن کا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو محمد نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پراجیکٹ میں دلچسپی کو سراہا۔
رکن پنجاب اسمبلی خرم خان ورک کاوزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ترقیاتی منصوبوں میں مشاورت کوقابل تحسین قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت آتی ہے تو لوگوں کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔
صحت، تعلیم،انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی آلودگی جیسے اہم شعبوں پر حکومت کام کررہی ہے۔ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پورے صوبے میں روٹی کی قیمت دیگر صوبوں سے کم ہے۔ موجودہ حکومت کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے انڈیا سے واپس آنے والے مریضوں کے مفت علاج کی ہدایت کی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے بعد انڈیا سے پاکستانی مریضوں کو علاج ادھورا چھوڑ کر واپس بھیج دیا گیا تھا۔
ٹرانسپلانٹ اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا پنجاب میں علاج یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انڈیا سے ادھورے علاج کے ساتھ آنے والے مریضوں کے مفت علاج کابھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انڈیا سے آنے والے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات جاری کردیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں جرائم میں کمی پر لاہور پولیس کو شاباش دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنزلاہورفیصل کامران اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے پولیس ٹیم کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کرائم ریٹنگ میں کمی پر پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں جرائم میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا لاہور سمیت ہر شہر کو محفوظ ترین بنائیں گے۔
مزید برآں مریم نواز شریف نے شورکوٹ کے قریب حادثے میں 5 مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کوٹ مومن میں آٹے کے ڈرم میں دم گھٹنے سے 6 بچے اور بچیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔



