پاکستانتازہ ترین

عالمی یوم ماحولیات: مریم نواز کی خطے کے پہلے انوائرمنٹ آبزرویٹری پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت

لاہور(سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ماحولیات کے تحفظ، پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور شجرکاری مہم کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور سموگ پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس فوگ میں نمایاں کمی اور ماحول کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

مریم نواز شریف نے غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام بھی ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر قدرتی وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے پنجاب میں خطے کے پہلے انوائرمنٹ آبزرویٹری پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی تبدیلیوں، فضائی آلودگی اور موسمی خطرات کی بروقت نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پیشگی الرٹ کی صلاحیت حاصل کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔ جدید ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم کے ذریعے صوبے بھر میں فضائی آلودگی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب کی پہلی "انوائرمنٹ وال” پر ماحولیات سے متعلق اداروں کا 24 گھنٹے مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹہ خشت اور فصلوں کی باقیات جلانے سمیت ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سموگ کے تدارک کے لیے 30 جدید بارفوگ گنز استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں کے لیے مزید سموگ گنز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ گرین پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان وژن کے تحت صوبہ بھر میں شجرکاری مہم جاری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اور معاشرتی اقدار بھی صفائی اور ماحول کے تحفظ کا درس دیتی ہیں۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہمیں آلودگی کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور فطرت کے تحفظ کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجگور میں کامیاب کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں سیوریج تعمیراتی کام کے دوران چار مزدوروں کی ہلاکت، بہاولپور میں کرنٹ لگنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے اور پاکپتن میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار افراد کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button